عالمی ادارہ صحت نے کووِڈ 19 کے علاج کیلئے کلوروکوئن کا ٹرائل روک دیا
- منگل 26 / مئ / 2020
- 4570
عالمی ادارہ صحت نے کووِڈ 19 کے علاج کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کا ٹرائل روک دیا ہے۔ اس کے بعد پاکستان میں بھی اس دوا کے آزمائشی تجربات روک دیے گئے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے اعلان کیا کہ اس کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے کلوروکوئن کا استعمال روکتے ہوئے بتایا ہے کہ تحقیق میں اس کے تحفظ پر سوالات سامنے آئے ہیں۔ ایک تحقیق میں یہ تک کہا گیا تھا کہ اس سے اموات کے خطرے میں اضافہ ہوا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسس نے کلورو کوئن سے کورونا وائرس کے ممکنہ علاج کی آزمائش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ عالمی ادارہ صحت نے ’اس پر عارضی پابندی لگادی ہے جب تک اس سے متعلق سیفٹی ڈیٹا کا جائزہ لیا جارہا ہے‘۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے آغاز سے ہی کلوروکوئن کے استعمال کی پر زور حمایت کررہے ہیں بلکہ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے یہ دعویٰ بھی کردیا تھا کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے اس دوا کی منظوری دے دی ہے جس کی بعد میں تردید سامنے آگئی تھی۔
بعدازاں گزشتہ ہفتے امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ وہ یہ دوا خود بھی استعمال کررہے ہیں۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا تھا کہ ’میرے خیال سے یہ اچھی چیز ہے اور میں نے اس کے بارے میں بہت سی اچھی کہانیاں سنی ہیں‘۔ انہوں نے اپنی حکومت کے ماہرین کی جانب سے کلورو کوئن دوا سے متعلق اندیشوں کو بھی مسترد کردیا تھا۔
اب امریکی صدر کی جانب سے عالمی وبا کو سنبھالنے کی صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے تقریباً ایک لاکھ امریکی شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے انتباہ کے باجود برزایل کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ وہ کووِڈ 19 کے علاج کے لیے ہائیڈروکسی کلوروئن کا استعمال تجویز کرتے رہیں گے۔
دنیا میں امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر برازیل سب سے زیادہ اس وبا سے متاثر ہوا ہے جہاں اموات کی تعداد 23 ہزار 473 ہے جبکہ مجموعی طور پر 3 لاکھ 74 ہزار 898 برازیلین شہری اس وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کلوروکوئن کا ٹرائل روکنے کا اعلان کے بعد پاکستان میں بھی اس دوا کی آزمائش روکنے کا اعلان کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) ملک میں ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے ٹرائل کرنے والوں کو آئندہ احکامات تک انہیں روکنے کے لیے نوٹس جاری کرے گی۔
یہ بات مدِ نظر رہے کہ کووڈ 19 کے علاج کے حوالے سے ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کے اثرات پر سب سے بڑی تحقیق کے نتائج میں دریافت کیا گیا تھا کہ اس سے فائدے کی بجائے نقصان پہنچنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔