کورونا وائرس: امریکہ میں اموات ایک لاکھ، پاکستان میں مزید 2076 کیسز
- جمعرات 28 / مئ / 2020
- 4520
امریکہ کی مختلف ریاستوں میں عائد پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے لیکن ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 62 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 1276 افارد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں اس وقت کورونا متاثرین کی تعداد 57 لاکھ اور مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 56 ہزار ہوچکی ہے۔ کرونا وائرس امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 442 تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں کورونا وائرس سے امریکہ میں سب سے زیادہ اموات اور کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ امریکہ میں اب تک 16 لاکھ 99 ہزار 933 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران امریکہ کی مجموعی پیداوار کی شرح میں چار اعشاریہ آٹھ فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ معیشت کی بگڑتی صورتِ حال کے پیشِ نظر امریکہ کی تقریباً تمام ریاستوں نے لاک ڈاؤن یا دیگر پابندیوں میں نرمی کرنا شروع کر دی ہے۔ محکمہ محنت کے مطابق نو ماہ کے دوران ملک بھر میں تین کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔
پاکستان میں بھی پابندیں نرم کی جارہی ہیں۔ خیبر پختونخوا کی حکومت نے عید سے قبل نافذ کردہ پابندیاں بحال کر دی ہیں۔ کورونا کے مرض میں مبتلا پشاور کے اسپتال میں زیرِ علاج صحافی فخر الدین سید چل بسے، وہ مقامی نیوز چینل '92 نیوز' سے وابستہ تھے۔
اس دوران امریکی افواج نے شیڈول سے قبل افغانستان سے انخلا پر غور شروع کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بھی محکمہ دفاع کو کہا ہے کہ وہ فوجیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کرے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق امریکی فوج کے حکام نے بدھ کو بتایا ہے کہ طالبان سے ہونے والے معاہدے میں طے کردہ وقت سے قبل افغانستان سے فوج کے انخلا پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے سینئر افسر کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر کمانڈرز فوجیوں کے انخلا کا عمل تیز کر رہے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ قبل از وقت فوجیوں کے انخلا کا عمل کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے باعث کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق افغانستان سے فوجیوں کی واپسی کے لیے ان کی صحت اور عمر کو ترجیح دی جائے گی۔