پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ اموات اور کیسز

  • جمعہ 29 / مئ / 2020
  • 6590

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 63 مریض چل بسے اور 2636 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ دنیا بھر میں اموات تین لاکھ 60 ہزار سے بڑھ گئی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 58 لاکھ ہوچکی  ہے۔

برازیل، روس اور بھارت میں وبا پھیلنے کی رفتار میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 1346 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک یہاں 64 ہزار 520 متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان میں ایک روز کے دوران ہلاکتوں اور نئے کیسز کی اب تک کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے مساجد کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سعودی عرب میں اتوار سے باضابطہ طور پر مساجد کھولی جا رہی ہیں۔ جمعے کو بھی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔

ملک بھر کی 90 ہزار سے زائد مساجد کو جراثیم کش اسپرے سے صاف کیا گیا ہے۔ مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے ایس او پیز بھی جاری کیے گئے ہیں جس میں لوگوں کو گھر سے وضو کر کے آنے اور مساجد میں داخل ہونے سے قبل ہاتھ سینیٹائز سے صاف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

براعظم ایشیا میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران گمراہ کُن معلومات اور افواہیں خوف و ہراس کا سبب بن رہی ہیں۔ پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے دیگر ملکوں میں لاک ڈاؤن کے دوران متعدد ایسی غلط معلومات اور افواہیں پھیلائی گئیں جن کے سبب عوام میں خوف و ہراس اور بے چینی پھیل گئی ہے۔

پاکستان میں جہاں کورونا وائرس کے سبب نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔ سماجی میڈیا پر ایک گمراہ کن ویڈیو شیئر کی گئی جس میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے ایک دکان دار کو اپنی دکان چھوڑ کر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔ درحقیقت یہ ویڈیو 2015 میں پولیس کے ایک قحبہ خانے پر چھاپے کی ہے جس میں ایک شخص کو بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

یہ ویڈیو پرانی ہونے کی نشاندہی کے باوجود مذکورہ اے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب اور واٹس ایپ پر لاکھوں صارفین نے دیکھا  ہے۔