توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری

  • ہفتہ 30 / مئ / 2020
  • 3640

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ اسی ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب، سرکاری طور پر تحائف میں ملنے والی گاڑیاں سستے داموں خریدنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ جمعے کو ہونے والی سماعت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران آصف علی زرداری کے وکلا نے علالت کے باعث ان کی طرف سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ جو منظور کرلی گئی۔ البتہ میاں نواز شریف کی طرف سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا۔ دوران سماعت نیب نے یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عبدالغنی مجید اور یوسف رضا گیلانی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔

کمرہ عدالت میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں اور گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے آصف زرداری سمیت تمام ملزمان کو 11 جون کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی طرف سے دائر کیے گئے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے صرف 15 فیصد قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں۔ نیب نے الزام عائد کیا کہ یوسف رضا گیلانی نے اس سلسلے میں نواز شریف اور آصف زرداری کو سہولت فراہم کی اور اس حوالے سے قوانین کو نرم کیا۔