ویکسین آنے تک کورونا وائرس سے نجات نہیں ملے گی: طبی ماہرین

  • اتوار 31 / مئ / 2020
  • 5370

پوری دنیا میں کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد ساٹھ لاکھ کے  سے بڑھ گئی ہے۔  اس صورت حال میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس وائرس سے کب نجات ملے گی۔

ماہرین اس بارے میں یقین سے کچھ  نہیں کہتے۔ لیکن ماہرین تقریباً اس پر متفق ہیں کہ جب تک کوئی موثر ویکسین نہ آ جائے اس وقت تک اس  وائرس سے نجات نہیں ملے گی۔ یونیورسٹی آف ایڈن برگ کے متعدی امراض کے ماہر مارک وول ہاؤس نے برطانوی اخبار گارڈین کو بتایا کہ ویکسین اور سماجی فاصلے پر عمل کئے  دوسری لہر کا خطرہ حقیقی ہے۔

امریکہ میں متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر سہیل چیمہ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اس خیال سے اتفاق کیا اور کہا کہ یہ وائرس یقیناً اس وقت تک ساتھ رہے گا جب تک کہ ویکسین نہیں آ جاتی اور اس کے مارکیٹ ہونے کے بعد ہر شخص اسے لگوانے پر آمادہ نہیں ہو جاتا۔  انہوں نے کہا کہ اس قسم کے امراض میں انسان کی قوت مدافعت 60 سے 66 فیصد ہونی چاہئیے اور جب تک یہ قوت مدافعت 66 فیصد پر نہ آ جائے گی، یہ خطرہ ختم نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح چیچک سے 30 ملین اموات ہوئیں اور ویکسین آنے کے بعد وہ مرض ختم ہو گیا، اسی طرح اس وائرس کے ساتھ بھی ہو گا اور ویکسین آنے کے بعد یہ ایک طرح سے عام نوعیت کا فلُو وائرس بن کر رہ جائے گا۔

لاک ڈاؤن میں نرمی سے اس مرض کے پھیلاؤ پر اثرات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہرئے انہوں نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کو محفوظ اور ذمہ دارانہ انداز میں مرحلہ وار ختم کیا جائے، جیسا امریکہ میں ہو رہا ہے تو پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔