پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ جاری، اموات اور نئے مریضوں کی تعداد میں اضافہ
- منگل 02 / جون / 2020
- 6230
پاکستان میں کورونا وائرس مصدقہ کیسز کی تعداد 76 ہزار 106 جبکہ اموات 1599 تک پہنچ گئی ہیں۔ دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 62 لاکھ 88 ہزار ہوگئی ہے۔ جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد پونے چار لاکھ ہے۔
پاکستان کے سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج 1786 نئے کیسز سامنے آئے اور 23 اموات کی تصدیق ہوئی۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
تاہم اگر ملک میں اعداد و شمار کے اضافے کو دیکھیں تو وہ ایک تشویشناک صورتحال کی جانب اشارہ ہے۔ مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور صرف 31 دنوں میں کیسز میں 54 ہزار جبکہ اموات میں 1100 سے زائد کا اضافہ ہوا۔ جون کا آغاز بھی کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا۔ یکم جون کو 3 ہزار 252 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ 54 اموات ہوئیں۔
اس دوران پنجاب میں ماہرین کی ایک رپورٹ کا انکشاف ہؤا ہے جس میں 15 مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کو مطلع کیا گیا تھا کہ صرف لاہور شہر میں کورونا کے پونے سات لاکھ مریض ہوسکتے ہیں۔ تاہم صوبائی حکومت نے اس رپورٹ کے حوالے سے کوئی اقدام کرنا ضروری نہیں سمجھا۔
بھارت میں مزید 204 اموات اور 8171 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اسپین میں کورونا وائرس سے آج کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ تین مارچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کی سپین مین کورونا سے کوئی شخص ہلاک نہین ہؤا۔ ایران میں ایک روز کے دوران تین ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تین ماہ کے دوران ایران میں پہلی بار اتنے کیسز سامنے آئے ہیں۔ لاطینی امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ خطے میں لگ بھگ دس لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سنگا پور میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لگ بھگ دو ماہ کے وقفے سے اسکول کھل گئے ہیں۔ اسکول آنے والے طلبہ ماسک پہن کر اسکول پہنچے کو ان کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا گیا جب کہ کلاسز میں بھی طلبہ کو فاصلے سے بٹھایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ معمولاتِ زندگی آہستہ آہستہ بحال کیے جا رہے ہیں۔ منگل سے پالتو جانوروں کے سیلون، شادی ہالز اور بعض دیگر کاروبار کھول دیے گئے ہیں۔