سماجی دوری کے قواعد پر عمل نہ ہؤا تو بازار بند کردیے جائیں گے
- جمعرات 04 / جون / 2020
- 4110
حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ اگر سماجی دوری کے قواعد و ضوابط پر عمل نہ ہؤا تو کاروباری مراکز دوبارہ بند کردیے جائیں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ اس سلسلے میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلوں کے تناظر میں لاک ڈاؤن کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کر دی جائیں گی۔
بیان میں شہباز گل نے انتباہ دیا کہ ہم سب کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا پڑے گا۔ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مہم کا آغاز کردیا ہے۔ جس کے لیے تمام صوبوں کے صنعتی علاقوں اور کاروباری مراکز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کا تحفظ ہے اور طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں بھی دی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔
ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ممکنہ بھوک اور افلاس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن میں نرمی کی تھی لیکن ساتھ ہی سماجی دوری کے قواعد پر عملدرآمد کروانےکا وعدہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے نشاندہی کہ اکثر جگہوں پر ایس او پیز پر بالکل عملدرآمد نہیں کیا جا رہا جس پر پنجاب بھر میں سخت ایکشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
قبل ازیں پشاور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد شاپنگ سینٹرز سیل کردیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ بالائی دیر اور شانگلہ میں حکومتی ہدایات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے عوامی بس اڈے کو بھی سیل کردیا۔ انتظامیہ نے مختلف بازاروں میں تاجروں سمیت 138 افراد کے خلاف ماسک نہ پہننے پر بھی کارروائی کی۔