پاکستان میں کرونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ
- جمعہ 05 / جون / 2020
- 5550
کورونا وائرس پاکستان میں زور پکڑ رہا ہے۔ گزشتہ 3 روز کے دوران ہزاروں نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 89 ہزار 249 جبکہ اموات 1838 ہوچکی ہیں۔
دنیا مین اس وقت کورونا متاثرین کی تعداد 66 لاکھ اور مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ 91 ہزار ہوچکی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 4 روز میں یومیہ 3 سے 4 ہزار کیسز کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک دن میں سب سے زیادہ 20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے۔
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 2040 نئے کیسز اور 22 اموت کی تصدیق ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اب کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ اسلام آباد میں ایک روز میں ریکارڈ 402 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 3 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ اضافے کے بعد اب تک اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3544 سے بڑھ کر 3946 تک پہنچ گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہی۔ گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔ اس طرح متاثرہ افراد کی تعداد 824 سے بڑھ کر 852 تک پہنچ گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں 14 کیسز سامنے آئے۔ آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے متاثرین کی تعداد 285 سے بڑھ کر 299 ہوگئی۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک بیرونِ ملک پھنسے 51 ہزار سے زائد پاکستانی واپس آ چکے ہیں اور اب بھی مختلف ملکوں میں موجود 92 ہزار سے زائد وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ وطن واپسی کے منتظر افراد میں زیادہ تعداد وہ ہیں جو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے 339 پاکستانی مختلف ممالک میں وفات پا چکے ہیں۔
بھارت میں کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اب تک رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ 9851 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں دو لاکھ 26 ہزار 770 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 6348 تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت نے آٹھ جون سے تمام مذہبی عبادت گاہوں، دفاتر، ہوٹل اور ریستوران کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے لیے وزارت داخلہ نے رہنما ہدایات (ایس او پیز) جاری کی ہیں۔ حکومتی ہدایات کے مطابق کاروباری اور سرگرمیوں کے لیے سماجی فاصلے، ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔