پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ اموات، مزید 4734 کیس رپورٹ

  • ہفتہ 06 / جون / 2020
  • 4300

پاکستان میں کورونا کیسز میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔  گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 4093 نئے کیسز اور 97 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 95 ہزار 458 جبکہ اموات دو ہزارتک پہنچ چکی ہیں۔ دنیا میں اس وقت 67 لاکھ 60 افراد کورونا سے متاثر ہین جبکہ مرنے والوں کی تعدا چار لاکھ تک پہنچنے والی ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور کو کورونا وائرس کا گڑھ سمجھا جا رہا ہے جہاں اس وائرس سے 14 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب کے بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے جگہ کم پڑنے لگی ہے۔ صوبے کے آٹھ بڑے اسپتالوں کے 'ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس' میں جگہ ختم ہو گئی ہے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث صوبے بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

صوبہ پنجاب کے 'اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ' کے مطابق پنجاب کے آٹھ بڑے اسپتالوں کے 'آئسولیشن وارڈز' میں بھی مزید مریضوں کے لیے جگہ نہیں ہے۔ تین جون تک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے سروسز اسپتال، جناح اسپتال اور جنرل اسپتال میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص 'ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس' میں جگہ ختم ہو گئی ہے۔

ڈیپارٹمنٹ کے مطابق راولپنڈی کے دو بڑے اسپتال بے نظیر بھٹو اسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بھی تشویش ناک مریض داخل نہیں کر سکتے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے لیے آٹھ فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔ سندھ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وہاں بھی ہسپتالوں کی گنجائش ختم ہوچکی ہے اور لوگوں کو ٹیسٹ اور علاج کے لئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 دوسری طرف بھارت میں ایک روز کے دوران 9 ہزار 887 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔ بھارت میں کووِڈ 19 کے باعث ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 650 ہے۔

صحافیوں کے لیے کام کرنے و الے ایک عالمی ادارے نے بتایا ہے کہ افغانستان میں کم از کم 70 صحافی عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے اس خبر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ افغان حکام نے بتایا ہے کہ جنگ زدہ ملک میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1900 کے لگ بھگ ہے جب کہ 300 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔

کابل کے صحافیوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں ضروری حفاظتی سامان مہیا نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی حکومت ان کی مدد کر رہی ہے۔ آر ایس ایف نے ایک افغان صحافی کے حوالے سے بتایا کہ زیادہ تر میڈیا گروپس کے پاس مناسب وسائل نہیں ہیں اور وہ انہیں تنخواہ تک نہیں دے سکتے۔ جب کہ صحافیوں کی مقامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ وہ وسائل کی عدم دستیابی کی وجہ سے کام نہیں کر پا رہیں۔