پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی
- اتوار 07 / جون / 2020
- 4170
پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 687 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 18 تک جاپہنچی ہے۔ دنیا میں اس وقت ستر لاکھ کے لگ بھگ افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان میں پانچ ہزار مزید افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 67 افراد کت فوت ہونے سے مجموعی اموات 2018 ہو گئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں وفاق اور صوبہ سندھ کی حکومت ایک دوسرے پر الزامات لگا رہی ہیں اور وائرس کے پھیلاؤ کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالی جا رہی ہے۔
پاکستان میں ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں ایک دن میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی تعداد 23100 ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 6 لاکھ 83 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ جن میں ایک لاکھ کے قریب ٹیسٹ گزشتہ پانچ دن میں کیے گئے ہیں۔
برازیل اور بھارت میں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 70 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ان تمام کیسز میں سے تقریباً 30 فیصد یعنی 20 لاکھ کے قریب کیسز کا تعلق امریکا سے ہے جبکہ سب سے تیزی سے اب یہ وبا لاطینی امریکا میں پھیل رہی ہے جہاں مجموعی تعداد کے 16 فیصد کیسز ہیں۔
عالمی سطح پر کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ اسی طرح دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں میں سے تقریباً ایک چوتھائی ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جبکہ جنوبی امریکا میں بھی ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
گزشتہ 5 ماہ کے عرصے میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دنیا کے سب سے خطرناک مرض ملیریا سے ایک سال میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے برابر پہنچ چکی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت چین کے شہر ووہان میں 10 جنوری کو سامنے آئی تھی تاہم اپریل کے اوائل میں دنیا بھر میں کل ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد رپورٹ ہونے والے 4 لاکھ سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ کئی ممالک میں تمام متاثرہ مریضوں کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت نہیں اور چند ممالک ہسپتال کے باہر ہونے والی ہلاکتوں کو اعداد و شمار میں شامل نہیں کر رہے۔ روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے 8 ہزار 984 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 673 ہوگئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں میں 134 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں کل ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 859 ہوگئی۔
امریکہ میں ہفتے کے روز 21 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 19 لاکھ 20 ہزار ہو گئی ہے۔ امریکہ میں حکام نے وبا سے ایک لاکھ 10ہزار کے قریب افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں جاری حالیہ احتجاجی مظاہروں کے باعث وائرس تیزی سے پھیلنے کے خدشات ہیں۔
روس، برازیل اور بھارت کورونا وائرس کے نئے مراکز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ برازیل میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ لاکھ 72 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ حکام نے 36 ہزار کے قریب اموات کی تصدیق کی ہے۔ بھارت میں ساڑھے 10 ہزار نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو لاکھ 46 ہزار ہو گئی ہے۔ روس میں وبا سے اموات تو 5 ہزار 700 ہوئی ہیں تاہم 4 لاکھ 58 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔