کورونا کے ایک لاکھ پانچ ہزار مریض، شیخ رشید اور شاہد خاقان عباسی کا ٹیسٹ مثبت

  • سوموار 08 / جون / 2020
  • 5380

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس میں مبتلا 65 مریض چل بسے۔ ملک بھر میں مزید 5118 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2096 ہوچکی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جولائی میں وائرس کا پھیلاؤ اپنے عروج پر ہو گا۔ عالمی فہرست میں پاکستان 16 درجے پر آ گیا۔ دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ستر لاکھ سئ تجاوز کرچکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار لاکھ تین ہزار بتائی گئی ہے۔

پاکستان کے سابق قؤوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر ریلوے کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں۔ پاکستان کے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے بڑے شہروں کے اسپتالوں میں ایک ہزار بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔

افغانستان کی وزارت صحت نے پیر کو ملک میں کورونا وائرس کے 575 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 20917 ہو گئی ہے۔ وزارت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 12 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 369 ہو گئی ہے۔  وائرس سے متاثر ہونے والے 2171 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکہ کی 'جانز ہاپکنز یونیورسٹی' کے کرونا وائرس ریسرچ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 403000 تک پہنچ گئی ہے جب کہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

امریکہ کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی حوالے سے بدستور دنیا بھر میں سب سے آگے ہے جب کہ برطانیہ، برازیل اور اٹلی بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز بھی سب سے زیادہ امریکہ میں ہیں جن کی تعداد 20 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ کیسز کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر برازیل، تیسرے نمبر پر روس اور چوتھے نمبر پر برطانیہ ہیں۔