پاکستان میں ایک دن میں پانچ ہزار کیسز، بلوچستان میں صورت حال تشویشناک
- بدھ 10 / جون / 2020
- 6510
پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 189 ہو گئی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے شکار مزید 83 مریض چل بسے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2255 ہو گئی ہیں۔
ایک روز کے دوران پہلی مرتبہ پانچ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دنیا میں اس وقت کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 72 لاکھ 57 ہزار اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 11 ہزار ہوچکی ہے۔ بھارت میں منگل کو 9985 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 76 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ یورپ میں بہتری کے باوجود دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورت حال بغڑ رہی ہے۔
پاکستان میں طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بلوچستان میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو صوبے کی 70 فی صد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتی ہے۔ ملک بھر کی طرح پاکستان کے صوبے بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ تک صوبے میں رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ چکی تھی جب کہ اموات کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔
ماہرین نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر وائرس کا پھیلاؤ نہ روکا گیا تو صوبے میں کورونا سے ہزاروں اموات ہو سکتی ہیں۔ 'کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' بلوچستان کے تھنک ٹینک میں رضاکارانہ طور پر وائرس پر تحقیق کرنے والے سائنس دان ڈاکٹر وحید نور کے مطابق جون کے آخری ہفتے یا جولائی کے آغاز میں صوبے میں وبا اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے عدالتی امور بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ملک کی سپریم کورٹ میں ایک جج کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے کئی کیسز پر سماعت مؤخر کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی امین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ میں منگل کو بہت سے اہم کیسز تھے جنہیں کورونا کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست پر سماعت ہونا تھی لیکن جسٹس قاضی امین کے نہ ہونے کی وجہ سے اس پر سماعت نہ ہو سکی تھی۔ گزشتہ روز انعام الرحیم ایڈووکیٹ اغوا کیس اور پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق کیسز بھی ملتوی کر دیے گئے ۔ بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کام کیا اور مختلف کیسز کی سماعت بھی کی۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 9985 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں اس وبا سے اب تک سات ہزار 745 افراد کی موت ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ 35 ہزار 206 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس طرح شفا یاب ہونے والوں کی شرح 48.99 ہے۔
حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ختم کرنے اور پابندیاں اٹھانے کے بعد سے شہریوں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دارالحکومت دہلی میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جہاں 31 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 905 اموات ہو چکی ہیں۔
چین میں بھی کورونا وائرس کے تین مصدقہ کیسز اور پانچ افراد میں وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بدھ کا کہا ہے کہ تمام نئے کیسز بیرونِ ملک سے آنے والے افراد ہیں۔ چین ایسے افراد کو کورونا کیسز کی گنتی میں شامل نہیں کرتا جن میں کورونا کی علامات پائی جاتی ہیں۔
چین نے حال ہی میں کورونا وائرس پر قابو پانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ملک میں متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 83 ہزار 46 ہے۔ اس وبا سے چین میں 4634 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔