راولپنڈی میں بم دھماکا، ایک شہری جاں بحق
- ہفتہ 13 / جون / 2020
- 4550
راولپنڈی کے علاقے صدر کینٹ کے تجارتی علاقہ کوئلہ سینٹر میں بم دھماکے میں کم ازکم ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ کباڑی بازار میں دھماکا پوا جبکہ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی تاہم سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک بزرگ اور 3 بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہیں اور ایک شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی پی او راولپنڈی احسن یونس پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔ فرانزک سائنس لیب اور تفتیشی ٹیمیں بھی جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکا دہشت گردی کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی تفتیش ہر پہلو سے کی جائے گئی اور تمام تر ذرائع اور وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ماضی میں راولپنڈی میں بم دھماکوں میں کئی شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بعد حالات معمول پر آگئے تھے۔