بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ نے خود کشی کرلی
- اتوار 14 / جون / 2020
- 8100
بھارت کی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے مشہور اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی میں واقع اپنے گھر میں خود کشی کرلی۔ ان کی عمر 34 سال تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کی صبح ممبئی کے علاقے باندرہ میں موجود اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے۔ پولیس کے مطابق سوشانت سنگھ نے پنکھے سے پھندا لگا کر خود کشی کی۔ سوشانت سنگھ کے ترجمان نے اس بیان کی تصدیق کی ہے۔
'چھچھورے' 2019 میں ریلیز ہونے والی ان کی آخری فلم تھی۔ فلم کامیابی کے ساتھ ساتھ بہت اچھا بزنس کرنے میں بھی کامیاب رہی تھی۔ فلمی اداکار ہونے کے علاوہ وہ ٹی وی کے بہت سے پروگراموں کی کامیاب میزبانی کے لیے خاصے مشہور تھے۔ انہوں نے 2012 سے فلمی دنیا میں اداکاری کا آغاز کیا۔ 'کائی پوچی' 2014 میں ریلیز ہونے والی ان کی پہلی فلم تھی لیکن اصل شہرت انہیں فلم سابق بھارتی کپتان دھونی پر بننے والی فلم 'ایم ایس دھونی : دی ان فولڈڈ جرنی' سے ملی۔
پاکستان میں انہیں فلم 'پی کے' کے کردار 'سرفراز' سے شہرت ملی۔ ان کے نام کے ساتھ انہی کا ایک ڈائیلاگ منسوب کردیا گیا تھا کہ 'سرفراز دھوکہ نہیں دے گا'۔ 'پی کے' ، 'کائی پوچی' اور 'ایم ایس دھونی : دی ان فولڈڈ جرنی' کے علاوہ فلم 'دل بیچارہ'، 'شدھ دیسی رومینس'، 'کیدار ناتھ' اور نیٹ فلکس کی 'ڈرائیو' بھی ان کی کامیاب فلمیں کہی جاتی ہیں جب کہ ان کا سب سے مشہور ٹی وی سیریل 'پوتر رشتہ' ہے۔
سوشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے 14 جون کی دوپہر کو خودکشی کی خبر نے بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو غمزدہ کردیا۔ سوشانت سنگھ راجپوت نے بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں اپنی رہائش گاہ پر اپنے دوستوں اور ملازمین کے ساتھ رہنے کے باوجود اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
پولیس کو تاحال ان کی رہائش گاہ سے ان کی جانب سے لکھا جانے والا کوئی آخری خط نہیں ملا۔ تاہم پولیس کو ان کی رہائش گاہ سے ان کے علاج و معالجے کے دستاویزات ملے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔ اداکار کے قریبی دوستوں کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ ان کی پریشانی میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن ہونے کے باعث اضافہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں کن مسائل کی وجہ سے ڈپریشن تھا اور نہ ہی ان کی مالی حالت خراب ہونے کی کوئی اطلاعات ہیں۔ اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ ہفتے اس وقت مایوسی کا شکار ہوگئے جب ان کی سابق منیجر 28 سالہ ڈیشا سالین نے گھر کی عمارت سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔
اداکار کی ذہنی حالت، ان کی زندگی اور ان کی جانب سے گزارے گئے آخری ڈھائی گھنٹے کے حوالے سے بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے سے ان کے قریبی ذرائع نے بات کی ہے۔ اداکار کے قریبی ذرائع کی بتائی گئی باتوں سے عندیہ ملتا ہے کہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے سے قبل اداکار خاموش اور خود کو تنہا محسوس کر رہے تھے۔
سوشانت سنگھ اپنے تین بیڈ رومز پر مشتمل فلیٹ میں 2 باورچیوں اور ایک دھوبی کے ساتھ رہتے تھے۔ تاہم 13 اور 14 جون کی شب ان کی رہائش گاہ پر ان کے قریبی دوست بھی رہنے کے لیے آئے۔ رپورٹ کے مطابق 14 جون کے دن سوشانت سنگھ راجپوت کے فلیٹ پر مجموعی طور پر ان سمیت 5 افراد موجود تھے اور اداکار 14 جون کی صبح 10 بجے نیند سے اٹھے تو خاموش دکھائی دیے۔
ذرائع کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت نے 10 بجے جوس بنا کر پیا اور پھر وہ اپنے کمرے میں چلے گئے اور انہوں نے اندر سے دروازہ بند کرلیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق جب سوشانت سنگھ کا دروازہ بجا کر انہیں اٹھانے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے دروازہ نہیں کھولا جس پر فلیٹ میں موجود تمام افراد ان کے دروازے کے پاس جمع ہوگئے اور انہوں نے چابی میکر کو بھی بلالیا۔
ساتھ ہی اداکار کے ساتھ فلیٹ میں موجود افراد نے پولیس کو بھی بلالیا اور پولیس کی مدد سے تمام افراد نے ساڑھے 12 سے 12 بج کر 45 منٹ کے درمیان کمرے کا دروازہ توڑا تو انہوں نے اداکار کو پھندے سے لٹکا ہوا پایا۔
پولیس نے اداکار کی لاش کو اتارنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا جب کہ اداکار کی خودکشی کی خبر سنتے ہی درجنوں مداح ان کے گھر کے باہر جمع ہوگئے۔ دوسری جانب اداکار کے آبائی ریاست بہار کے شہر پٹنا میں بھی درجنوں افراد جمع ہوگئے اور ٹوئٹر پر بھی ان کی خودکشی کی خبر ٹاپ ٹرینڈ رہی۔
سوشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے اچانک خودکشی کیے جانے پر بھارتی وزیر اعظم سمیت اعلیٰ سیاسی، سماجی و فلمی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ان کی خودکشی پر افسوس کا اظہار کیا۔
سوشانت سنگھ راجپوت نے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی سے کیا تھا، تاہم انہوں نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے اب تک ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔ سوشانت سنگھ راجپوت کو ان کے 12 سالہ کیریئر کے دوران 20 کے قریب ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا اور انہوں نے 9 ایوارڈز جیتے۔
انہیں سب سے زیادہ شہرت عامر خان کی فلم پی کے میں پاکستانی مسلمان لڑکے سرفراز کا کردار ادا کرنے سے ملی، جس سے فلم میں بھارتی ہندو لڑکی یعنی انوشکا شرما محبت کرتی ہیں۔ پی کے کے بعد انہوں نے 2016 میں بھارتی کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری میں ان کا کردار ادا کیا اور ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔