جولائی تک 12 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوسکتے ہیں: اسد عمر
- اتوار 14 / جون / 2020
- 4910
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6825 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 81 افراد کی موت کے بعد وائرس سے مجموعی طور پر 2632 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و مراعات اسد عمر نے کہا ہے کہ جولائی کے آخر تک ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے اپریل میں جب بندشوں میں کمی کی تھی اور اس کے بعد مئی میں بھی تو وہ ہر مرتبہ یہی تاکید کرتے تھے کہ ہم جتنی حفاظتی تدا بیر کو اپنائیں گے، ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کریں گے اتنا ہی کورونا کی وبا کا پھیلاؤ کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) نے بھی یہی کہا تھا کہ اگر ہم ان ہدایات پر عمل نہیں کریں گے تو وبا کے پھیلاؤ میں تیزی آسکتی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ بدقسمتی سے پچھلے چند ہفتوں میں ایسا دیکھنے میں بھی آیا اس وقت جو صورتحال ہے وہ یہ ہے کہ جون کے وسط میں ملک میں کورونا وائرس کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ مصدقہ کیسز موجود ہیں۔
ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 68 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29546 ٹیسٹ ہوئے۔ پنجاب اور سندھ میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
دنیا بھر میں کیسز کی تعداد س78 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ وائرس سے عالمی سطح پر چار لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کی موت ہوئی ہے جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 40 لاکھ سے زائد ہے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ امریکہ میں ہوئے ہیں، جن کی تعداد دو کروڑ 42 لاکھ ہے۔
امریکہ میں اب تک وائرس سے 21 لاکھ 42 ہزار افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ حکام نے ایک لاکھ 15 ہزار اموات کی تصدیق کی ہے۔ چین میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ سماجی فاصلے قائم رکھنے اور ماسک کی پابندی پر زور دیا جا رہا ہے۔ چین نے حال ہی میں تھیٹر کھولنے کا اعلان کیا تھا، جسے وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔