اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکار لاپتہ
- سوموار 15 / جون / 2020
- 4810
پاکستان میں بھارت کے ہائی کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد میں پیر کی صبح سے اُن کے دو اہلکار لاپتا ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن نے بتایا کہ ہے کہدونوں اہلکاروں کی گمشدگی کا معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔
پاکستانی حکام کی طرف سے اس دعوے کے بارے میں تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کی وزارتِ خارجہ کی طرف سے بھی مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے اہلکاروں سے متعلق اب تک باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں آیا ۔
بھارتی میڈیا میں بھارت کے سفارتی ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں تعینات بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی ایس ایف) کے دو اہلکار پیر کی صبح ایک گاڑی میں اپنے کام کے سلسلے میں ہائی کمیشن کی عمارت سے نکلے تھے لیکن جس مقام پر اُنہیں پہنچنا تھا وہاں نہیں پہنچے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت نے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن میں کام کرنے والے دو اہلکاروں پر جاسوسی کا الزام عائد کیا تھا اور مبینہ طور پر اُنہیں حراست میں لے کر ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک سے بے دخل کر دیا تھا۔ پاکستان نے بھارت کے الزمات کو مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی تھی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو غلط اور بے بنیاد الزامات پر حراست میں لیا تھا۔ یہ معاملہ ایک ایسے وقت سامنے آیا تھا جب پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں جس کے اثرات دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات سے بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔