پاکستان کے معروف کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے

  • بدھ 17 / جون / 2020
  • 7540

پاکستان کے معروف کمپیئر طارق عزیز لاہور میں انتقال کر گئے۔ طارق عزیز کا انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ طارق عزیز کو طبعیت خراب ہونے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی۔

طارق عزیز 1936 میں بھارت کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے۔ اُنہوں نے 1970 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن سے مشہور پروگرام 'نیلام گھر' شروع کیا۔ وہ ادیب، کالم نگار اور شاعر بھی تھے۔ طارق عزیز نے اپنے فنی کریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا لیکن اُنہیں شہرت 'نیلام گھر' سے ہی ملی۔

اُنہوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا۔ طارق عزیز کو 1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن کے آغاز پر پہلے کمپیئر ہونے کا بھی اعزاز حاصل تھا۔ اُنہیں 1992 میں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ طارق عزیز نے سیاست میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور 1997 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر لاہور سے قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ بعدازاں وہ پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے۔

طارق عزیز کے انتقال پر پاکستان کے ادبی اور سیاسی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے طارق عزیز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں عمران خان کا کہنا ہے کہ طارق عزیز اپنے وقت کے مقبول میزبان اور پاکستان میں گیم شو کے بانی تھے۔ عمران خان نے طارق عزیز کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت  کیا۔

طارق عزیز کے کالموں کا مجموعہ ’داستان‘ کے نام سے جبکہ پنجابی شاعری کا مجموعہ کلام ’ہمزاد دا دکھ‘ کے نام سے شائع ہوا تھا۔  طارق عزیز کی وفات کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ طارق عزیز ٹرینڈ کرنے لگا اور صارفین نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے نیلام گھر شو سے وابستہ اپنی یادوں کا تذکرہ بھی کیا۔