کورونا وائرس کے علاج میں مؤثر دوا مل گئی

  • بدھ 17 / جون / 2020
  • 4530

ایک سستی اور عام استعمال کی دوا ڈیگسامیتھازون کورونا وائرس کے مریضوں کی جان بچانے کی کوششوں میں موثر ثابت ہوئی ہے اور اسے سائنس دانوں نے بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔

یہ دوا دوسری بیماریوں سے پیدا ہوجانے والی جلن کو کم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ منگل کو اس دوا کے تجربات کے نتائج کا اعلان کیا گیا جن سے ظاہر ہوا کہ اس نے اسپتالوں میں داخل کورونا وائرس کے شدید بیمار مریضوں کی اموات میں ایک تہائی کمی کی ہے۔

تجربات کی سربراہی کرنے والے ماہرین نے کہا ہے کہ نتائج سے ترغیب ملتی ہے کہ اس دوا کو کورونا وائرس کا شکار شدید بیمار مریضوں کے لیے فوری طور پر معیاری علاج بن جانا چاہیے۔ آکسفرڈ یونیورسٹی کے پروفیسر مارٹن لینڈری نے ریکوری ٹرائل کے نام سے کیے جانے والے تجربات کی مشترکہ طور پر سربراہی کی۔ ان کے مطابق، نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا ایسے مریض جو وینٹی لیٹرز پر ہوں یا انہیں آکسیجن کی ضرورت ہو، انہیں ڈیگسامیتھازون دی جائے تو زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں اور ایسا بہت کم قیمت پر کیا جاسکتا ہے۔

ڈیگسامیتھازون اب تک واحد دوا ہے جس نے اموات کو کم کیا ہے اور ایسا نمایاں طور پر ہوا ہے۔ یہ ایک بڑی پیشرفت ہے۔ یہ کم قیمت ہے، بآسانی دستیاب ہے اور دنیا بھر میں مریضوں کی جان بچانے کے لیے فوری طور پر استعمال کی جاسکتی ہے۔ اس تجربے میں 2100 مریضوں کا جائزہ لیا گیا جنہیں ڈیگسامیتھازون دی گئی تھی جبکہ 4300 ایسے مریضوں کا بھی مشاہدہ کیا گیا جنہیں یہ دوا نہیں دی گئی۔

مارٹن لینڈری نے بتایا کہ دوا لینے کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر موجود ہر آٹھ مریضوں میں سے ایک کی جان بچ گئی جبکہ آکسیجن لینے والے ہر 25 مریضوں میں سے ایک بچ گیا۔ جن مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت نہیں پڑتی، انہیں یہ دوا لینے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

اس دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے 136 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ایک دن میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 136 ہلاکتوں کے ساتھ اس وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2975 ہو گئی ہے۔  پانچ ہزار 839 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ پاکستان میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 740 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 58 ہزار 437 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بیجنگ میں کورونا کے نئے کیسز کے بعد اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔  چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نئے کیسز کے بعد تمام اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور 1225 شیڈول فلائٹس منسوخ کر دی گئی ہیں۔  امریکہ کی چھ ریاستوں میں پابندی کے خاتمے کے بعد کیسز کی تعداد میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا، ٹیکساس اور ایریزونا سمیت چھ ریاستوں میں نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں مثبت کیسز کی تعداد 21 لاکھ 81 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ کل اموات ایک لاکھ 18 ہزار سے زیادہ ہیں۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 38 ہزار سے بڑھ گئی۔ کل کیسز 81 لاکھ ہو گئے ہیں جب کہ 42 لاکھ کے قریب افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔