’اسمارٹ لاک ڈاؤن‘ کے نام پر پاکستان کے متعدد شہروں میں سخت پابندیاں عائد

  • جمعہ 19 / جون / 2020
  • 4470

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک کے کئی شہروں میں 'اسمارٹ لاک ڈاؤن'  نافذ کیا گیا ہے۔ ان شہروں کے وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

اس دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ70 ہزار کے لگ بھگ ہے اور مرنے والوں کی تعداد 3278 ہو چکی ہے۔ دنیا میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 85 لاکھ جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار ہوچکی ہے۔

لاہور، کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں کے سینکڑوں علاقوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ صرف ملازمت پیشہ افراد یا ضروری خدمات سے وابستہ ملازمین کو کام پر جانے کی اجازت ہے جب کہ دیگر علاقوں سے لوگوں کو ان علاقوں میں آنے کی اجازت نہیں ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول سنٹر کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 20 شہروں میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، وہاڑی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، ڈیرہ غازی خان، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، نوڈیرو، گھوٹکی، خیر پور، پشاور، اپر چترال، ایبٹ آباد، مالا کنڈ، مردان اور بلوچستان کے علاقے شامل ہیں۔

اجلاس کے بعد پہلے لاہور میں اور پھر کراچی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت متعدد علاقوں کو سیل کردیا گیا۔ کرونا کیسز کی روک تھام کے لیے لاہور شہر کے 21 علاقوں میں 61 مقامات کو بند کیا گیا ہے جب کہ کراچی کے تمام اضلاع کی 43 یونین کونسلز میں سخت لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ماسک لازمی ہوگا، ان علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی۔ تاہم اشیائے خورو نوش کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز شام 7 بجے تک کھولے جا سکیں گے۔  لاک ڈاؤن والے علاقے میں گھر کے صرف ایک فرد کو سامان کی خریداری کے لئے جانے کی اجازت ہوگی۔ باہر نکلنے کی معقول وجہ بتانا بھی ضروری ہو گا۔ متاثرہ علاقوں میں دوسرے اضلاع کے رہائشیوں کا داخلہ منع ہو گا۔

ان علاقوں میں ہوم ڈیلیوری کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ گھروں پر تقاریب بھی منعقد نہیں کی جاسکیں گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں لے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران  لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4944 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 136 افراد کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوئے۔