چین نے 10 بھارتی فوجی رہا کر دیے، مذاکرات کے ذریعے تنازعہ طے کرنے پر اتفاق

  • جمعہ 19 / جون / 2020
  • 6500

بھارت اور چین کی فوج کے درمیان حالیہ محاذ آرائی کے بعد دونوں ملکوں نے سفارتی اور عسکری سطح پر کشیدگی کے خاتمے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔  بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) اور دیگر مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ چین نے جمعرات کی شب زیرِ حراست 10 بھارتی فوجیوں کو رہا کردیا ہے۔

بھارتی اخبار 'دی ہندو' نے خبر دی ہے کہ بھارتی فوج اور چین کی پیپلز لیبریشن آرمی کے میجر لیول کی سطح کے افسران کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت زیرِ حراست بھارتی فوجیوں کو رہا کیا گیا ہے۔  بھارتی حکومت کی جانب سے فوجیوں کی رہائی سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ البتہ انڈین فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں بھارت کا کوئی فوجی لاپتا نہیں ہوا۔ سرحد پر موجود اہلکاروں کی تعداد پوری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جھڑپ میں زخمی ہونے والے 18 فوجیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جنہیں شدید چوٹیں آئی تھیں۔ یاد رہے کہ پیر کی شب بھارت اور چین کی فوجوں کے درمیان مشرقی لداخ کی گلوان ویلی میں جھڑپ ہوئی تھی جس میں بھارتی فوج کے ایک کرنل سمیت 20 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

چین نے بھی تصدیق کی تھی کہ اس جھڑپ کے دوران ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم بیجنگ نے ہلاکتوں سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔ تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ 40 سے زائد چینی فوجی اس جھڑپ کے دوران مارے گئے تھے۔ بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ سرحد پر یہ جھڑپ ایسے موقع پر ہوئی تھی جب دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لئے اجلاس جاری تھا۔

حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت میں چین کی مصنوعات کے بائیکاٹ کے مطالبات میں شدت آتی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں جن میں بھارتی شہریوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ چین کی مصنوعات استعمال نہ کریں۔  جمعرات کو ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی آخری رسومات ادا کی گئیں جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مشتعل افراد نے چین کے پرچم اور چین کے صدر شی جن پنگ کی تصاویر کو بھی نذر آتش کیا۔

امریکہ نے چین اور بھارت کی فوج کے درمیان جھڑپ میں 20 فوجیوں کی ہلاکت پر نئی دہلی سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔ امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ چین کے ساتھ سرحد پر حالیہ محاذ آرائی میں انڈین فوج کے جانی نقصان پر بھارت سے تعزیت کرتے ہیں۔