بھارتی فورسز کی پُرتشدد کارروائیوں میں مزید 8 کشمیری جاں بحق

  • ہفتہ 20 / جون / 2020
  • 5740

بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ حالیہ واقعات میں قابض فوج نے مسجد میں موجود 2 حریت پسندوں سمیت 8 کشمیریوں کو قتل کردیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ جمعرات اور جمعہ کو مسلح تصادم کے دوران ہونے والی نئی اموات کے بعد رواں سال جاں بحق ہونے والے حریت پسندوں کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال اگست کے بعد سے صورتحال انتہائی تشویشن ناک ہے۔ بھارت نے وادی کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور وہاں مواصلاتی روابط کو منقطع کردیا گیا تھا جو ابھی تک مکمل طور پر بحال نہیں ہؤا۔

حکام کا کہنا تھا کہ مسلح تصادم سری نگر کے قریب نیج میں ہوا، جس کے نتیجے میں ایک حریت پسند کی موت واقع ہوئی جبکہ  رات گئے مسجد میں 2 حریت پسندوں کو شہید کردیا گیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مسجد میں 'آنسو گیس کے شیل' استعمال کیے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ فورسز نے ضلع شوپیاں میں سیب کے باغ میں ایک زیرزمین پناہ گاہ میں موجود 5 حریت پسندوں کو قتل کردیا۔  فائرنگ کے تبادلے کے بعد حکومتی فورسز اور حریت پسندوں کے حامی گاؤں والوں کے درمیان کشیدگی میں بھی اضافہ ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کشمیری خواتین کو گرفتار، ہراساں کرنے، ریپ اور دست درازی کرنے سمیت ان کے خلاف تشدد کو جنگی ہتھکنڈوں کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جدو جہد کو روکا جاسکے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوری 1989 سے آج تک بھارتی فورسز نے 11 ہزار 204 خواتین کی عصمت دری کی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ جنوری 1989 سے آج تک بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہید کیے گئے 95 ہزار 630 کشمیریوں میں ہزاروں خواتین بھی شامل ہیں۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں اس عرصے کے دوران 22 ہزار 915 خواتین بیوہ ہوچکی ہیں۔

خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وہاں کشمیریوں کے خلاف ظلم میں اضافہ ہوا ہے اور آئے روز نہتے کشمیری بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل کیے جارہے ہیں۔

11 جون کو بھی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کے دوران ایک مبینہ جھڑپ میں 5 حریت پسند جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس سے قبل 8 جون کومقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی حالیہ ریاستی دہشت گردی کے دوران مبینہ جھڑپوں میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کم از کم 9 کشمیری جاں بحق ہوگئے تھے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کی جانب سے 9 نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی 'ریاستی دہشت گردی' قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے جعلی انکاؤنٹرز معمول بن چکے ہیں۔ تاہم رواں سال اس میں مزید تیزی آئی ہے۔