پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ 153 اموات
- ہفتہ 20 / جون / 2020
- 4390
پاکستان میں جمعہ کو پہلی بار کورونا وائرس سے ایک دن میں ڈیڑھ سو سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
پاکستان میں اس وقت کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار جبکہ فوت ہونے والوں کی تعداد 3417 تک پہنچ چکی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 86 لاکھ 81 ہزار اور مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ ساٹھ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے محکمہ ہائے صحت کے مطابق دن بھر میں 6266 نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ 152 مریض چل بسے۔ ان میں اسلام آباد کے اعدادوشمار شامل نہیں ہیں۔ متاثرین کے لحاظ سے پاکستان فرانس اور میکسیکو سے بھی آگے نکل گیا ہے اور بدترین متاثر ملکوں میں اب 13ویں نمبر پر ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 63504 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ سندھ کے 32725 اور پنجاب کے 17964 افراد شامل ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک کے کئی شہروں میں 'اسمارٹ لاک ڈاؤن' پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت ان شہروں کے وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
بھارت اور افغانستان سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ملکوں میں بھی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ امریکہ میں کاروبار کھلنے اور حالیہ مظاہروں کے بعد کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ میں اب تک 23 لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اموات ایک لاکھ 21 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ برازیل میں ایک ہی دن میں 55 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ روس میں آٹھ ہزار نئے مریضوں کے ساتھ کل تعداد 5 لاکھ 70 ہزار ہو گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا میں تیزی آرہی ہے اور جمعرات کو ڈیڑھ لاکھ کیسز سامنے آئے جو ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان میں سے نصف کا تعلق امریکی براعظم سے تھا۔ عالمی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھینوم گیبرائسس نے جینوا میں اپنے صدر دفاتر سے آن لائن بریفنگ میں کہا کہ دنیا اب ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔ وائرس بدستور تیزی سے پھیل رہا ہے، بدستور جان لیوا ہے اور بدستور بہت سے لوگ اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ٹیڈروس نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھیں اور انتہائی چوکنا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف امریکی براعظم میں بلکہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں بھی بڑی تعداد میں نئے کیسز کی تصدیق ہورہی ہے۔ ادارے کے ہنگامی صورتحال سے متعلق ماہر مائیک رائن نے برازیل کی صورتحال کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کارونا وائرس سے 1230 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے بدترین متاثر ملک برازیل ہے جہاں پونے 10 لاکھ سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز ہیں اور ساڑھے 47 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں علم میں آچکی ہیں۔ کئی ملکوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے لیکن اس سے وبا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے۔