پاکستان میں کورونا کے متاثرین ایک لاکھ 82 ہزار ہوگئے، 3600 اموات
- سوموار 22 / جون / 2020
- 4900
پاکستان میں کرونا کے شکار مزید 89 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3604 ہو گئی ہے۔ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
دنیا میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ 68 ہوگئی ہے۔
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 ہزار افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ تصدیق شدہ کیسز کے لحاظ سے امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ چین میں مزید 18 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ برازیل میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے جب کہ وہ ممالک جہاں وبا کے پھیلاؤ میں کمی آنے یا معاشی مشکلات کے باعث لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی وہاں ایک مرتبہ پھر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسٹن آرڈرن نے دو ہفتے قبل ہی کورونا وائرس کو شکست دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہر قسم کی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن ایک مرتبہ پھر وہاں یہ وبا پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں پیر کو مزید دو افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وبا سے متاثرہ زیرِ علاج مریضوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثر ہونے والے تمام افراد وہ ہیں جو حال ہی میں بیرونِ ملک سے وطن پہنچے ہیں۔ اُنہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم ملک میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کے حکام نے دعویٰ بھی کیا ہے کہ مقامی سطح پر وائرس کے پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے ہیں۔
اسی طرح چین میں بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز تھم گئے تھے لیکن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دارالحکومت بیجنگ سمیت دیگر شہروں سے نئے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوئے ہیں۔ بیجنگ میں متاثرہ علاقے ایک مرتبہ پھر سیل کیے جا رہے ہیں جب کہ اسکول اور ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہیں۔
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں بھی نئے کیسز سامنے آنے پر ایک مرتبہ پھر بڑے مجمعے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام نے گھروں میں پانچ افراد سے زیادہ اور عوامی مقامات پر دس افراد سے زیادہ کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی ہے۔ میلبورن شہر کی چھ میونسپلٹیز کو 'نو گو زون' قرار دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا میں بھی مزید 17 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک ماہ کے دوران ایک دن میں رپورٹ ہوںے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد جنوبی کوریا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے نئے ویزوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
بھارت کی ریاست تمل ناڈو کے شہر چنئی اور تین اضلاع میں 30 جون تک کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض بندشوں میں نرمی کے ساتھ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کورونا وائرس کے سبب مارچ میں معطل ہونے والا دو طرفہ تجارت کا سلسلہ پیر سے ایک بار پھر بحال ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک کے تجارتی اور کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی درخواست پر پاکستان کی وفاقی وزارتِ داخلہ نے دو طرفہ تجارت بحال کرنے کا اعلامیہ چند دن قبل جاری کیا تھا۔ جس پر پیر سے عمل در آمد شروع ہو گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں طورخم اور چمن کی سرحدی گزرگاہوں کے علاوہ شمالی وزیرستان کی ‘غلام خان گزرگاہ’ کے ذریعے دو طرفہ تجارت کا سلسلہ بحال کیا گیا ہے۔