پاکستان: کورونا کے تین ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک

  • منگل 23 / جون / 2020
  • 4810

پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3700 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 87ہزار افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ملک میں 3236 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

گزشتہ روز کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 105 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے 244 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد پانچ لاکھ سے زائد افراد گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ دنیا میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 91 لاکھ اور مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ 73ہزار ہوگئی ہے۔

بھارت میں ایک روز میں لگ بھگ 15 ہزار افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 10 روز میں 30 لاکھ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

امریکہ میں 30 ہزار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کُل کیسز کی تعداد 23 لاکھ 87 ہزار ہو گئی ہے۔ امریکہ میں ایک لاکھ 22 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برازیل میں 19 ہزار مثبت کیسز کے بعد مجموعی تعداد 11 لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور اموات بھی 51 ہزار ہو چکی ہے۔ دنیا بھر میں پیر کو سب سے زیادہ ہلاکتیں میکسیکو میں رپورٹ ہوئیں جن کی تعداد 1044 ہے۔

روس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ آٹھ ہزار سے زائد افراد عالمی وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ روس میں پیر کو 7425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 99 ہزار 705 ہو گئی ہے۔ روس دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روس میں 153 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد کل اموات 8359 تک پہنچ گئی ہیں۔ دوسری جانب دارالحکومت ماسکو میں پابندیاں نرم کردی گئی ہیں اور جمنازیم، ریستوران، بازار اور دیگر عوامی مقامات کھول دیے گئے ہیں۔