کورونا وائرس سے پاکستان میں چوبیس گھنٹے میں 148 افراد جاں بحق

  • جمعرات 25 / جون / 2020
  • 4510

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 3920 تک پہنچ گئی ہے جب کہ گزشتہ پانچ دنوں میں کیسز میں مسلسل کمی کے بعد جمعرات کو پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں ایک روز میں 148 افارد کورونا کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں۔ کرونا کیسز میں مسلسل پانچ دن کمی کے بعد پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان نے بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے واہگہ بارڈر تین دن کے لیے کھول دیا ہے۔ بھارت میں 16 ہزار 900 سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو یومیہ کیسز کی ریکارڈ تعداد ہے۔ نئی دہلی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تلاش کے لیے پوری آبادی کا سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارت نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی میں کصرونا وائرس کے مریضوں تلاش کے لیے شہر کی پوری آبادی کا سروے کیا جائے گا۔ نئی دہلی کی آبادی دو کروڑ 90 لاکھ کے قریب ہے جہاں حکام لوگوں کے گھروں پر جا کر ہر شہری کی صحت سے متعلق تفصیلات جمع کریں گے اور جن شہریوں میں کرونا کی علامات ہوں گی، ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق نئی دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سروے چھ جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دہلی بھارت میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے جہاں 70 ہزار 390 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 922 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو بھارت میں یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ بھارت میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ کل ہلاکتیں 14 ہزار 800 سے زائد ہیں۔

آسٹریلیا میں 33 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو گزشتہ دو ماہ کے دوران یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ امریکہ کی تین ریاستوں کے گورنروں نے دیگر آٹھ ریاستوں سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔