کورونا کے کیس آئندہ ہفتے ایک کروڑ تک پہنچ جائیں گے: عالمی ادارہ صحت

  • جمعرات 25 / جون / 2020
  • 5190

عالمی ادارۂ صحت  نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور آئندہ ہفتے دنیا بھر میں کیسز کی تعداد  ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ لاطینی امریکہ وائرس کا نیا مرکز بن چکا ہے جہاں اب تک ایک لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ ان میں سے 54 ہزار سے زائد اموات خطے کے صرف ایک ملک برازیل میں ہوئی ہیں۔

ڈبلیو ایچ اے کے ہنگامی حالات سے متعلق شعبے کے سربراہ ڈاکٹر مائیک ریان کا کہنا ہے کہ براعظم شمالی و جنوبی امریکہ میں وبا تاحال اپنے عروج پر نہیں پہنچی اور خاص طور پر وسطی اور جنوبی امریکہ کے ملکوں میں وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ لاطینی امریکہ کے کئی ملکوں میں گزشتہ ہفتے وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی شرح میں 25 سے 50 فی صد تک اضافہ دیکھا گیا۔

عالمی ادارۂصحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کیسز ایک کروڑ تک پہنچنے کا تخمینہ ہمارے لیے یاد دہانی ہے کہ ویکسین کی تیاری کے ساتھ  ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور زندگیاں بچانے کی ذمہ داری بھی نبھانا ہو گی۔

امریکہ کی کئی ریاستوں میں پابندیوں میں نرمی کے باوجود وائرس دوبارہ زور پکڑ رہا ہے۔ لگ بھگ چھ ریاستوں میں اسپتال لائے جانے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ریاست ایریزونا، آرکنسا، کیلی فورنیا، نارتھ کیرولائنا، ساؤتھ کیرولائنا، ٹینیسی اور ٹیکساس کے اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 23 لاکھ 81 ہزار سے زائد جب کہ ایک لاکھ 22 ہزار کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے نئے یومیہ کیسز کی تعداد دو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور اب اسی مقام پر ہے جہاں وبا کے عروج پر تھی۔