پاکستان میں کورونا کے مریض دو لاکھ اور اموات چار ہزار سے زائد

  • ہفتہ 27 / جون / 2020
  • 5050

پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد چار ہزار ہوچکی ہے۔ دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد 98لاکھ اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار لاکھ 95ہزار ہوچکی ہے۔

امریکہ میں ایک ہی دن میں مزید 45 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔  امریکہ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے ۔ امریکہ میں کیسز کی مجموعی تعداد 24 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ امریکہ میں ایک لاکھ 27 ہزار اور برازیل میں 56 ہزار کے لگ بھگ افراد کورونا وائرس کی وجہ سے موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

بھارت میں کیسز کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ اور بھارت میں 16 ہزار افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اب بھی وائرس کی یہ پہلی لہر ہے جب کہ دوسری لہر کا خدشہ بدستور موجود ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروبار کھلنے کے بعد ہوئی ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1949 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سندھ میں وبا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1243 ہو گئی ہے۔ صوبائی حکومت کے اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں اموات کی شرح 1.5 فی صد ہے۔ اس وقت 33580 مریض زیرِ علاج ہیں ان میں سے 32127 گھروں میں، 78 قرنطینہ مراکز میں اور 1375 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

برطانیہ نے سفری پابندیوں اور قرنطینہ سے متعلق اپنی پالیسی میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ممالک کی فہرست جاری کی گئی  ہے جہاں برطانوی شہری موسم گرما کی تعطیلات گزارنے جاسکیں گے۔ برطانیہ آنے کے خواہش مند وائرس سے کم متاثرہ ملکوں کے مسافروں کے لیے 15 روز قرنطینہ کی شرط  ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان ملکوں کی  فہرست بدھ کو جاری کی جائے گی۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان ممالک میں آمدورفت دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں جہاں کورونا وائرس کیسز بہت کم ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرانس، اٹلی، اسپین، یونان، جرمنی، ڈنمارک، ناروے، ہالینڈ اور جزائر غرب الہند کے ملکوں کے لیے سفری پابندیوں پر نرمی پر غور کیا جا رہا ہے۔

امریکہ میں کیسز بڑھنے کے بعد کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ بھی موخر کر دیا ہے۔ ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ریاست میں بارز اور ریستوران جلد بند کرنے اور لوگوں کی تعداد نصف کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ فلوریڈا میں بھی بارز کی حدود میں شراب کی سروس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ریاست فلوریڈا میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 8942 کیس رپورٹ ہونے کے بعد نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ ریاست کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوزم کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس کی امپریل کاؤنٹی کے بعض علاقے وائرس کا گڑھ بن چکے ہیں لہذٰا یہاں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔