پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والی پہلی خاتون

  • بدھ 01 / جولائی / 2020
  • 7200

پاک فوج میں ایک خاتون افسر کو پہلی مرتبہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی میڈیکل کور سے وابستہ میجر جنرل نگار جوہر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نگار جوہر لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والی پہلی خاتون افسر ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو سرجن جنرل آف پاکستان آرمی تعینات کیا گیا ہے۔ اس طرح وہ پاک فوج کی تاریخ کی پہلی تھری اسٹار افسر ہونے کے علاوہ سرجن جنرل کے عہدے پر کام کرنے والی پہلی خاتون افسر بھی بن گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے پنج پیر سے ہے اور وہ اس وقت کمانڈنٹ ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ لیفٹٹنٹ جنرل نگار جوہر آرمی میڈیکل کالج کی گریجویٹ ہیں اور پاک فوج میں تقریباً 3 دہائیوں پر مشتمل کیریئر میں انتظامی اور مختلف امور میں سربراہی کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے فیملی میڈیسن میں ایم سی پی ایس، ایڈوانسڈ میڈیکل ایڈمنسٹریشن میں ایم ایس سی اور صحت عامہ میں ماسٹرز کررکھا ہے۔ لیفٹننٹ جنرل نگار جوہر نے کئی دیگر کورسز بھی کیے اور ہسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر تیاری سے متعلق امور کی نیشنل انسٹرکٹر بھی ہیں۔

انہیں پاک آرمی میں لیفٹننٹ جنرل کے رینک تک پہنچنے والی پاکستان کی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ آرمی میڈیکل کور کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر انہیں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز ملٹری اور فاطمہ جناح گولڈ میڈل سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

انہیں پاک فوج میں کئی عہدوں پر پاکستان کی پہلی خاتون کے طور پر کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے جن میں پاک آرمی میں آزادی کے بعد یونٹ، ہسپتال کی کمانڈنگ بھی شامل ہے۔

لیفٹننٹ جنرل نگار جوہر نے بریگیڈیئر کی حیثیت سے سی ایم ایچ جہلم کی کمان سنبھالی تھی اور اب مسلح افواج کے سب سے بڑے ہسپتال ایمریٹس ملٹری ہسپتال راولپنڈی کی سربراہی کر رہی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فروری 2020 میں پاک فوج کے میڈیکل کور کے 11 افسران سمیت 36 برگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ 12 ستمبر 2019 کو بھی پاک فوج میں 5 لیفٹیننٹ جنرلز کو مختلف عہدوں پر ترقی دی گئی تھی۔