دنیا میں کورونا کیسز میں اضافہ، وبا ابھی ختم نہیں ہوگی
- بدھ 01 / جولائی / 2020
- 5720
پاکستان میں کورونا وائرس کے شکار مزید 91 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4395 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4133 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں اس وقت وائرس سے کل متاثرین کی تعداد دو لاکھ 14 ہزار ہے جبکہ دنیا میں یہ تعداد ایک کرڑ پانچ لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ 11 ہزار ہوچکی ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے 47000 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ امریکہ میں ماہرِ وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی تازہ ترین صورت حال کے تناظر میں مختلف ملکوں کے عہدیدار الجھن کا شکار ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی جانے والی بندشوں میں کب اور کتنی نرمی کی جائے۔ بہت سے ملکوں میں جہاں نرمی کی گئی ہے وہاں انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہوا۔ امریکہ کی تیس سے زیادہ ریاستوں میں بندش کو نرم کرنے کے بعد وہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔
اس پس منظر میں واشنگٹن ڈی سی سے متصل انتہائی نگہداشت کے ایک یونٹ سے منسلک اگلے محاذ پر کام کرنے والے طبی عملے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا اختتام ابھی دور ہے۔
امریکہ میں وبائی امراض کے سب سے بڑے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ اگر عوام نے صحتِ عامہ کی سفارشات پر عمل نہ کیا تو کورونا وائرس کے کیسز یومیہ ایک لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اسکول اور دفاتر کھولنے سے متعلق سینیٹ کی سماعت کے دوران کہی۔ ڈاکٹر فاؤچی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں وبائی امراض کے شعبے کے سربراہ ہیں۔
ان سے سوال کیا گیا کہ بعض ریاستوں میں کیسز کے حالیہ اضافے کا کیا نتیجہ نکلے گا۔ اس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ بالکل درست پیش گوئی تو نہیں کر سکتے۔ لیکن ان کا خیال ہے کہ نتائج پریشان کن ہوں گے۔ ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ اب یومیہ 40 ہزار کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ اگر صورتِ حال نہ بدلی تو یومیہ ایک لاکھ کیسز پر بھی مجھے حیرت نہیں ہو گی اور میں بے حد فکر مند ہوں۔