پاکستان میں کورونا کا زور ٹوٹ رہا ہے: اسد عمر

  • جمعہ 03 / جولائی / 2020
  • 5300

پاکستان میں کورونا وائرس کی مانیٹرنگ کے لیے تشکیل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی وجہ سے ملک میں کورونا کی صورتِ حال میں بہتری آئی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ جون کے وسط میں 20 شہروں میں ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن جون کے وسط کی نسبت اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد کم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا ہے جس سے وبا کم ہوئی ہے۔ اگر انتظامی کارروائی نہیں کریں گے تو ہوسکتا ہے کہ جولائی تک 12 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کی صورتِ حال میں بہتری نظر نہیں آئی جس کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں کورونا کے دو لاکھ 21 ہزار مریض ہیں جبکہ فوت ہونے والوں کی تعداد 4551 ہوچکی ہے۔ دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 90لاکھ اور ہلاک شدگان پانچ لاکھ 21 ہزار ہوچکے ہیں۔

امریکہ میں مسلسل دوسرے روز کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متعدد ریاستوں کے گورنرز نے معمولاتِ زندگی بحال کرنے کا فیصلہ منسوخ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ امریکہ میں جمعرات کو 55 ہزار 274 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔  وبا کے آغاز سے اب تک امریکہ یا دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک روز کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

امریکہ میں اس وبا کا شکار ہونے والے تقریباً ایک لاکھ 29 ہزار شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور 27 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔