پاکستان میں کورونا سے مزید 68 اموات

  • ہفتہ 04 / جولائی / 2020
  • 3940

پاکستان میں کورونا کے مزید 68 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 4619 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 3387 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار ہوگئی ہے۔ ملک میں ایک روز میں صحتیاب افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 471 افراد شفایاب ہوگئے۔ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کے مقابلے میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے اور اس وقت فعال کیسز سے زیادہ صحتیاب افراد ہیں۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کیس ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہو گئے ہیں۔ امریکہ میں ایک ہی روز مزید 57 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اور  مجموعی کیسز 27 لاکھ سے بڑھ گئے ہیں۔  بھارت میں ہفتے کو مزید ریکارڈ 22 ہزار کیس رپورٹ ہوئے۔ ہیں جب کہ ایک ہی دن میں 442 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ریاست مہاراشٹر کے سب سے گنجان آباد تجارتی شہر ممبئی میں ہفتے کو سب سے زیادہ 6 ہزار 3 سو 64 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جب کہ 198 افراد ہلاک ہوئے۔ وزارتِ صحت کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد بھارت کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد ہفتے تک چھ لاکھ چالیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

ممبئی میں اگلے 48 گھنٹوں تک موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بارشوں سے شہر کے بیشتر علاقے زیرِ آب آجاتے ہیں جس سے کورونا وائرس کی روک تھام کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب جنوبی ریاست تامل ناڈو جو کورونا سے بری طرح متاثر ہے وہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔