چینی کورونا ویکسین کے کلینکل ٹیسٹ برازیل میں ہوں گے
- اتوار 05 / جولائی / 2020
- 5480
برازیل نے کہا ہے کہ اس نے چین کی سنوویک کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کے انسانوں پر تجربات کی منظوری دے دی ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ میں امریکہ کے بعد برازیل کا نمبر ہے جہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 15 لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور مجموعی ہلاکتیں 63 ہزار سے زیادہ ہیں۔
ویکسین کی انسانوں پر ٹیسٹنگ کے بارے میں پہلا اعلان 11 جون کو کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ ریاست سن پاولو کے فنڈز سے چلنے والے بوٹانٹن انسٹی ٹیوٹ کا کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے والی ایک چینی کمپنی سنوویک کے ساتھ معاہدہ ہو گیا ہے جس کے تحت ویکسین کے کلینکل تجربات کیے جائیں گے۔
29 جون کو سن پاولو کے گورنر جو ڈوریا نے کہا تھا کہ کورونا ویکسین کے ٹیسٹ کے لیے 9 ہزار رضاکار پہلے ہی ناموں کا اندراج کروا چکے ہیں۔ ڈوریا کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ برازیل کی 6 ریاستوں کے 12 مراکز میں کیے جائیں گے۔
جمعے کے روز برازیل کے صدر جیر بولسونارو نے ایک قانون کی منظوری دی جس میں لوگوں کے لیے ضروری قرار دیا ہے کہ وہ سڑکوں اور گلیوں میں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرتے وقت ماسک پہنیں۔ اس قانون کے تحت عوامی مقامات، مثلاً عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز کے اندر بھی ماسک پہننا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
برازیل کے صدر عالمی وبا کے آغاز سے ہی صحت کے ماہرین کی نکتہ چینی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر نے وائرس کی سنگینی کو اہمیت نہیں دی جس کی وجہ سے ملک میں یہ وبا بڑے پیمانے پر پھیلی۔