کورونا وبا سے پاکستان میں اموات چین سے زیادہ ہوگئیں
- اتوار 05 / جولائی / 2020
- 3850
پاکستان میں کورونا کے مزید کیسز سامنے آئے ہیں اور اموات میں اضافہ ہؤا ہے۔ ملک میں کورونا کے 2 لاکھ 30 ہزار 696 مریض ہیں اور 4 ہزار 737 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس طرح پاکستان میں کورونا سے ہونے والی اموات چین سے بھی زیادہ ہوگئی ہیں، جہاں دسمبر 2019 میں اس وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ پوری دنیا تک پھیل گیا تھا۔ چین نے اس وائرس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھائے تھے اور ایک حد تک اسے محدود کرتے ہوئے اس پر قابو پالیا تھا۔
تاہم پاکستان میں اس وائرس کے کیسز کا پھیلاؤ اب تک جاری ہے اور کورونا مریضوں کی تداد کے لحاظ سے وہ دنیا کا 12واں سب سے زیادہ متاثر ملک بن چکا ہے۔ پاکستان میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد وبا مسلسل پھیل رہی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3191 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثرہ 56.8 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ حکام نے ایک لاکھ 30ہزار افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان میں وبا سے ہلاکتوں کی شرح 2.1 فی صد ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان میں وائرس کے ٹیسٹ کرنے کی استعداد 50ہزار تک ہے مگر یومیہ 25 ہزار تک ہی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
دنیا بھر میں وبا سے متاثر افراد کی تعداد ایک کروڑ 12 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ وبا سے متاثر سب سے زیادہ افراد امریکہ میں ہیں جن کی تعداد 28 لاکھ 39 ہزار ہے۔ امریکہ میں ایک لاکھ 29ہزار افراد کی وائرس سے موت ہو چکی ہے۔
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں 15 لاکھ 77 ہزار متاثرہ افراد میں سے 64 ہزار کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ بھارت میں مریضوں کی تعداد چھ لاکھ 73 ہزار ہے۔ حکام کے مطابق بھارت میں وائرس سے 19 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا کہ ملیریا کی دوائی ہائیڈروآکسی کلوروکوئن کا اسپتالوں میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے ٹرائل ٹیسٹ بند کیا جا رہا ہے۔