سعودی عرب نے عازمینِ حج کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا
- سوموار 06 / جولائی / 2020
- 4880
سعودی عرب نے ایامِ حج کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیشِ نظر عازمینِ حج کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حج کے دوران عازمین کے اجتماع اور ملاقاتوں پر پابندی ہو گی۔ سعودی عرب نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث اس بار صرف ایک ہزار مقامی افراد کو ہی حج کی اجازت ہو گی۔
دنیا بھر سے لاکھوں عازمین ہر سال حج کے لیے سعودی سعودی جاتے ہیں لیکن سعودی عرب کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ حج کو محدود کیا گیا ہے۔
19 جولائی سے شروع ہونے والے حج کے لیے سعودی عرب کے سینٹر فار ڈیزیز پریونشن اینڈ کنٹرول سی ڈی سی نے پیر کو ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق عازمین کعبہ کو ہاتھ نہیں لگا سکیں گے اور حجرِ اسود کو چھونے پر بھی پابندی ہو گی جب کہ عازمین پر لازم ہو گا کہ وہ ایک دوسرے کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھیں۔
ہدایت نامے کے مطابق عازمین نماز کی ادائیگی اور طواف کعبہ کے دوران بھی سماجی دوری کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔ ایامِ حج کے دوران منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں صرف انہیں جانے کی اجازت ہو گی جن کے پاس پرمٹ ہوں گے۔
عازمین اور منتظمین کو مسجد الحرام کے علاوہ دیگر مقدس مقامات پر بھی ہر وقت ماسک پہننا لازم ہو گا۔