کرونا وائرس سے پاکستان میں مزید 83 اموات

  • بدھ 08 / جولائی / 2020
  • 5280

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 83 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 2980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 4922 اور 2236 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

امریکہ میں کورونا کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا بھر میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات پانچ لاکھ 43 ہزار سے زائد ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ بعض ریاستوں میں ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔

امریکہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو درجن سے زائد ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔  ریاست کیلی فورنیا، ہوائی، میسوری، ٹیکساس، اوکلاہوما، مونٹانا اور اڈاہو میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران صرف کیلی فورنیا اور ٹیکساس میں دس دس ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ورلڈو میٹر کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 33 ہزار 972 افراد ہلاک اور 30 لاکھ 97 ہزار 84 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔  امریکہ میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 54 ہزار 863 ہے۔

اس دوران امریکی حکومت نے دوا ساز ادارے 'نوواویکس' کو کورونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی آزمائش اور پیداوار کے لیے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر دیے ہیں جس کا مقصد جنوری تک 10 کروڑ خوراکیں فراہم کرنا ہے۔ امریکی محکمۂ صحت کے اعلان کے مطابق، یہ وائٹ ہاؤس کے آپریشن وارپ اسپیڈ کے تحت دی جانے والی سب سے بڑی رقم ہے۔ آپریشن وارپ اسپیڈ کے تحت دواساز اداروں کو رقوم دی جارہی ہیں تاکہ ویکسین کی آزمائش، تیاری اور پیداوار کا کام تیز کیا جاسکے۔

اس اعلان کے بعد میری لینڈ میں قائم نوواویکس کے حصص کی مالیت 29 فیصد بڑھ کر 102 ڈالر تک پہنچ گئی۔ نوواویکس کے چیف ایگزیکٹو اسٹینلے اورک نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رقم ویکسین کی 10 کروڑ خوراکوں کا معاوضہ ہے جن کی فراہمی اس سال کی چوتھائی سہ ماہی میں شروع کی جائے گی اور آئندہ سال جنوری یا فروری تک مکمل ہوجائے گی۔