پاکستان میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے
- جمعرات 09 / جولائی / 2020
- 5380
پاکستان میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں پیش کی گئی سفارشات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) میں پیش کیا گیا جس میں معمولی ردو بدل کے بعد کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 15 جولائی سے کوئی تعلیمی ادارہ نہیں کھولا جائے گا لیکن 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے اس میں اسکولز، کالجز اور اسکول وغیرہ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ تعلیمی ادارے کھولنے میں 2 ماہ کا وقت ہے اس لیے اگست کے پہلے ہفتے اور ستمبر کے پہلے ہفتے میں صحت کے اشاریوں اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے جائزہ لیں گے اور مزید مشاورت کی جائے گی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ اگست اختتام یا ستمبر کے اوائل تک صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو پھر تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا جائے گا۔ تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تشکیل دیے جائیں گے جس کے لیے متعدد تجاویز موصول ہوئی ہیں جن پر غور کیا جائے گا۔
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے مزید 61 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 3359 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 4983 اور 2193 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ملک میں وائرس سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ چالیس ہزار ہوچکی ہے۔
امریکہ میں کرونا کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہےاور مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار ہوگئی ہے لیکن اس کے باوجود وہاں اسکول کھولنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ سینٹرز فور ڈیزز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) اسکول کھولنے سے متعلق نئی رہنما ہدایات جاری کرے گا۔ اس سے پہلے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ادارے پر تنقید کی تھی کہ اس کی سفارشات بہت مہنگی اور ناقابلِ عمل ہیں۔
مائیک پینس نے بدھ کو کہا کہ سی ڈی سی آئندہ ہفتے نیا بیان جاری کرے گا جس سے اس معاملے میں ہدایات زیادہ واضح ہوں گی۔ محکمہ تعلیم میں وائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کی بریفنگ کے دوران پینس کا کہنا تھا کہ صدر ان سفارشات کو بہت سخت نہیں دیکھنا چاہتے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ زور دے رہے ہیں کہ تمام تعلیمی ادارے ستمبر میں فال سیمسٹر کے لیے کھول دیے جائیں۔
اسی دوران امریکہ میں سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے ڈئیریکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ نے کہا کہ ہمارا مقصد امریکہ میں سب کو محفوظ رکھنا ہے اور ہماری ہدایات کو اسکول کھولنے کی راہ میں رکاوٹ تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔
اس دوران دنیا بھر میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات پانچ لاکھ 43 ہزار سے زائد ہیں۔