پاکستان میں وینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں میں 28 فی صد کمی

  • ہفتہ 11 / جولائی / 2020
  • 4860

پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد ہو گئی۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 569 ٹیسٹ کیے گئے۔ بھارت میں کورونا سے اموات 22 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔ اور مریضوں کی تعداد آٹھ لاکھ ہوچکی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 65 اموات ہوئیں۔ اس طرح ملک مین مرنے والوں کی تعداد 5157 ہوگئی ہے جبکہ وائرس سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ 48 ہزار ہوچکی ہے۔  پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور لوگوں کے تعاون کی وجہ سے کورونا وبا میں کمی آ رہی ہے۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ 20 جون کے بعد وینٹی لیٹرز اور آکسیجن پر انحصار کرنے والے مریضوں کی تعداد میں 28 فی صد کمی آئی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ 20 جون کو پاکستان میں 2969 مریض آکسیجن جب کہ 546 وینٹی لیٹرز پر تھے۔ لیکن اب  1762 مریض آکسیجن اور 394 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ یعنی 28 فیصد کمی ہوئی ہے

پاکستان میں  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین کی تعداد میں 2 ہزار 752 افراد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ مزید 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سندھ میں متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 2368 ہے جب کہ پنجاب میں 85 ہزار 991 مصدقہ مریض ہیں۔ اسی طرح بلوچستان میں 11 ہزار 128، خیبرپختونخوا میں 29 ہزار 775 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔

بھارت میں کرونا کیس آٹھ لاکھ سے بڑھ گئے ہیں اور  اموات 22 ہزار سے زائد ہوچکی ہیں۔  امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 65 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔  امریکہ میں اب تک وائرس سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔  برازیل میں متاثرین کی مجموعی تعداد 18 لاکھ اور اموات 70 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔

اس دوران دنیا کی بڑی ایئر لائنز میں شمار کی جانے والی ایمریٹس ایئر لائن نے کورونا وبا کے معاشی اثرات کے باعث نو ہزار ملازمتیں کو برخاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعے کو ایک بیان میں ایئر لائن کے صدر ٹم کلارک نے کہا کہ خراب معاشی صورتِ حال کے باعث اُنہیں یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔

ایمریٹس ایئر لائن کے عملے کی کل تعداد 60 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ کورونا وبا کے باعث دنیا کی ایئر لائن انڈسٹری شدید مالی بحران سے دوچار ہے۔ دنیا کے کئی ملکوں میں فلائٹ آپریشن بند ہونے سے ایئر لائنز کو مالی خسارے کا سامنا ہے۔