عمران خان کا وزیراعظم رہنا ہر پاکستان کیلئے خطرہ بن چکا ہے: بلاول بھٹو
- سوموار 13 / جولائی / 2020
- 3850
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کشمیریوں کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیاہے۔
کراچی میں پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیر کاز میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور آج بھی ان کی تقریریں کو پاکستان اور کشمیر کے عوام یاد کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر فورم پر ہر موقع پر کشمیریوں کی آواز اٹھائی اور آج بھی پیپلزپارٹی نے وہی سلسلہ جاری رکھا ہے۔ پاکستان کی اپوزیشن ہو یا حکومت، میں واحد سیاستدان ہوں جس نے شروع دن سے مودی کی مخالفت کی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان کے عوام کو کشمیر پر متحد نہیں کیا۔ جو بھی حکومت ہو آمر، جمہوری، سیلیکٹو یا کٹھ پتلی یا منتخب جب بھی کشمیر کا مسئلہ آتا تھا تو ہم سب اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ وزیراعظم نے کشمیر کاز پر بھی اتحاد قائم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور اب ہماری معیشت اور جمہوریت کو جو نقصان پہنچارہے ہیں وہ اب اس نکتے پر پہنچ چکا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم رہنا جمہوریت، معیشت بلکہ ہر پاکستانی کی زندگی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جب دنیا میں عالمی وبا کی وجہ سے کساد بازاری کا خطرہ ہے تو بجٹ پر توجہ مرکوز ہونی چاہیے تھے کہ ان مزدوروں اور محنت کشوں کو ریلیف دیں جن کا ذکر عمران خان کرتے رہتے ہیں، جو ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ورکرز ہمارے لیے جہاد لڑرہے ہیں ان کے لیے سپورٹ دلواتے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جب صوبوں کو سپورٹ کرنا چاہیے تھا تو انہیں کم وسائل دیے جارہے ہیں اور کم وسائل کے باوجود پیپلزپارٹی کی حکومت ایسے پروگرام لائی ہے جس سے عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی تاریخ میں منفی شرح نمو ہے اور بیروزگار افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے جو مزید ہوگا۔