کورونا وائرس: دنیا بھر میں کیسز کا نیا ریکارڈ، پاکستان میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ مریض

  • سوموار 13 / جولائی / 2020
  • 4580

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اتوار کو دنیا بھر میں دو لاکھ 30 ہزار 370 کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک ایک روز کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ دوسری جانب لاطینی امریکہ کے ملک میکسیکو نے اموات میں اٹلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 69 اموات اور 2769 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔  پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اور مرنے والوں کی تعداد 5300 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ ہے۔ عالمی سطح پر پانچ لاکھ 65 ہزار سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے۔ لاطینی امریکہ کے ملک میکسیکو میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں میکسیکو نے اٹلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ارجنٹائن میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

افغانستان کی وزارتِ صحت نے پیر کو گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 154 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 34605 ہو گئی ہے۔ وزارتِ صحت کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1038 ہو گئی ہے۔

وزارت صحت کے ایک ترجمان اکمل سامسر نے کہا ہے کہ افغانستان میں وائرس کی عالمی وبا کی صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر عوام نے وزارتِ صحت کے پیغامات کو نظر انداز کیا اور ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کے اصول پر عمل نہ کیا تو ملک میں عید الاضحیٰ کے موقع پر وبا کا دوسرا مرحلہ شروع ہو سکتا ہے۔

پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدلااضحٰی کے لیے پاکستان بھر میں قربانی کے جانوروں کے لیے لگائی گئی منڈیوں کے اوقاتِ کار طے کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق مویشی منڈیاں صبح چھ بجے سے شام سات بجے تک کھلی رہیں گی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سیکریٹریٹ لاہور میں ہونے والے این سی او سی کے اجلاس کی صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزیر اسد عمر نے کی۔ جس میں عید الاضحی، نماز عید اور مویشی منڈیوں کے انتظامات کے بارے میں لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔ این سی او سی فورم کو بتایا گیا کہ عید الاضحی کے موقع پر پورے پاکستان میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مویشی منڈیوں میں داخل ہونے والے افراد کی اسکریننگ کی جائے گی اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔  کورونا وائرس نے پاکستان میں درس و تدریس کے شعبے کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ سرکاری اور نجی اسکولز بھی گزشتہ کئی ماہ سے بند ہیں اور وہاں پڑھانے والے لاکھوں اساتذہ میں سے بہت سے بے روزگار ہو گئے ہیں۔

اسکول مالکان کہتے ہیں کہ طلبہ کے والدین فیسیں ادا نہیں کر رہے تو اساتذہ کو تنخواہ کہاں سے دیں۔ کئی مالکان نے مالی مسائل کے باعث اسکول بند کرنا شروع کر دیے ہیں۔