پاکستان میں دو لاکھ 59 ہزار اور دنیا میں ایک کروڑ 36 لاکھ متاثرین

  • جمعرات 16 / جولائی / 2020
  • 4440

پاکستان میں  کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 69 ہوچکی ہے جبکہ اموات 5 ہزار 460 تک پہنچ گئی ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ ایک کروڑ 36 لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہیں۔

آج  صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے 1861 نئے کیسز اور 43 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی مزید 5 ہزار 927 کا اضافہ ہوا۔ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ بہتری کی طرف جا رہی ہے تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ اس وائرس پر مکمل طور پر کنٹرول کرلیا گیا ہے۔

اس دوران میکسیکو کے صدر جیئر بولسونارو میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ امریکہ میں وبا سے ایک لاکھ 37 ہزار، برازیل میں 75 ہزار اور برطانیہ میں اب تک 45 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔  امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 66 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

آسٹریلیا کی حکومت نے کورونا وائرس سے بے روزگاری میں اضافے کے بعد لوگوں کی مدد کے لیے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلوی وزیرِ اعظم اسکاٹ ماریسن نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت یہ فنڈز تنخواہوں کی مد میں سبسڈی کے طور پر فراہم کرے گی۔ اس فنڈنگ میں ایک ارب ڈالر کی رقم سے چھوٹے کاروباروں کے ملازمین کو ان کی معمول کی تنخواہوں کی نصف رقم فراہم کی جائے گی جب کہ بقیہ 40 کروڑ ڈالرز ہنرمندی کی تربیت پر خرچ ہوں گے۔

کورونا وائرس کے دوران آسٹریلیا میں بے روزگاری کی شرح 7.4 فی صد تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ 22 برسوں کے دوران آسٹریلیا میں بے روزگاری کی سب سے بلند سطح ہے۔ امریکہ کی 'جانز ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں کورونا کیسز کی تعداد 11 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

چین میں گزشتہ 10 روز سے کورونا وائرس کا مقامی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ چینی حکام اب ملک بھر میں سنیما گھر دوبارہ کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔ چین کی فلم ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ کم ہے، وہاں 20 جولائی سے سنیما گھر کھولنے کی اجازت ہو گی لیکن سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنا ہو گا۔

روس میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جمعرات کو روس میں مزید چھ ہزار 428 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد سات لاکھ 52 ہزار 797 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود روس میں کرونا سے 11 ہزار 937 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

افغانستان کی کابینہ نے کورونا وائرس کے باعث بند اعلٰی تعلیمی اداروں اور اسکولوں کو آئندہ ماہ مشروط طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن کابینہ نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی فیصلہ وزارتِ صحت کرے گی۔ افغانستان میں کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سےتعلیمی ادارے 21مارچ کو بند کیے گئے تھے۔

افغان وزارتِ صحت نے جمعرات کو 'کووڈ 19' کے 76 نئے کیسز سامنے آنے کی اطلاع دی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 1115 ہے۔