پاکستان میں کورونا سے اموات ساڑھے پانچ ہزار، امریکہ میں 77 ہزار نئے مریض

  • جمعہ 17 / جولائی / 2020
  • 4820

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 61 ہزار 169 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 5 ہزار 505 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 38 لاکھ ہوچکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ 90 ہزار ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 17 جولائی بروز جمعہ کی دوپہر تک ایک ہزار 768 نئے کیسز اور 40 اموات رپورٹ ہوئیں۔ گزشتہ چند ہفتوں سے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی۔

امریکہ میں ایک روز کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 77 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکہ میں گزشتہ ایک ہفتے سے ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 60 ہزار سے زیادہ نئے مریضوں کا تسلسل جاری ہے۔ فلوریڈا، جارجیا، کیلی فورنیا اور ایریزونا کی ریاستوں میں وائرس کا زور ہے۔

دنیا کے تیسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔  برازیل میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔

صوبہ سندھ کی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران 155 پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد 'کووڈ 19' کا شکار سندھ پولیس کے اہلکاروں کی تعداد 2515 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے متاثرہ پولیس اہلکاروں اور افسران کو حفاظتی سامان اور دیگر چیزوں کی خریداری کے لیے 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں 'نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' کے فیصلے کے تحت 'اسمارٹ لاک ڈاؤن' میں 15 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔ صوبے میں شادی ہالوں اور ہوٹلوں سمیت عوامی اجتماعات پر بھی بدستور پابندی عائد ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے کہا ہے کہ اسپین نے دنیا کو ثابت کیا ہے کہ سیاسی قیادت، اقدامات اور عوامی تعاون کے ذریعے کورونا وائرس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ پھر وائرس کا حملہ چاہے کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو۔ اسپین کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے چند ملکوں میں سے ایک تھا لیکن اب اس نے کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا ہے۔ مارچ کے آخر اور اپریل کے شروع میں اسپین میں ہر روز کورونا وائرس کے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے تھے۔

ٹیڈروس ایڈہینم نے اسپین کی اس کامیابی پر حکومت اور عوام دونوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے سخت پابندیوں پر پوری طرح سے عمل کیا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا کہ دنیا کے کچھ ملکوں میں کورونا وائرس کی شدت کم ضرور ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔