بھارت کورونا وبا کا نیا مرکز بن رہا ہے
- سوموار 20 / جولائی / 2020
- 4450
پاکستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 629 ہوگئی ہے۔ جبکہ 5 ہزار 625 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ 2 لاکھ 5 ہزار 929 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں نہ صرف کمی دیکھی جارہی ہے بلکہ اموات کی تعداد بھی کم ہوئی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بڑھی ہے۔ کیسز کی تعداد میں کمی کی ایک وجہ ٹیسٹنگ میں کمی ہونا بھی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 31 اموات اور 1587 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد ایک کروڑ 46 لاکھ سے بڑھ گئی جب کہ مجموعی اموات چھ لاکھ چھ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 40 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارت میں اتوار کو کورونا وائرس کے 40 ہزار 425 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں عالمی وبا کا شکار افراد کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 18 ہزار 43 ہو گئی ہے۔ بھارت میں کورونا سے اموات کی کل تعداد27 ہزار 497 ہے۔
آسٹریلیا کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کے کے پھیلاؤ میں کمی آنے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ فرانس میں پیر سے عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر 135 یورو جرمانہ ہو گا۔
چین میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 17 کیسز سنکیانگ صوبے سے سامنے آئے ہیں۔ چین میں چھ ماہ کی بندش کے بعد سنیما گھر پیر سے کھل گئے ہیں۔ چین کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ چھ ماہ سے بند سنیما گھر پیر سے کھول دیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس نے چین کی سنیما انڈسٹری کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔
چینی حکام نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ جن علاقوں میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ کم ہے، ان میں تھیٹرز اور سنیما گھروں کو کھول دیا جائے گا لیکن کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ بیجنگ نے کہا تھا کہ وہ سنیما کھولنے کا فیصلہ شہری انتظامیہ پر چھوڑ رہے ہیں تاکہ وہ اپنے علاقوں کی صورتِ حال دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں۔ چین کے کچھ شہروں میں پیر سے سنیما کھل گئے ہیں جب کہ بعض میں اب بھی بند ہیں۔