دنیا میں ڈیڑھ کروڑ لوگ کورونا سے متاثر، ہلاکتیں 6 لاکھ 17 ہزار ہوگئیں

  • بدھ 22 / جولائی / 2020
  • 4320

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد  ڈیڑھ کروڑ ہوگئی ہے۔ 6 لاکھ  17 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں  مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار 400 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ 5 ہزار 675 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ نو ہزار 213 ہو چکی ہے جب کہ چھ لاکھ 17 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ لاطینی امریکہ کا ملک برازیل دوسرے، بھارت تیسرے اور روس اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔  امریکہ میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی تعداد 39 لاکھ دو ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے شکار ایک ہزار سے زیادہ مریض دم توڑ گئے ہیں۔ جون کے اوائل کے بعد سے امریکہ میں ہلاکتوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس کے 5200 مریض ہلاک ہوئے جو اس سے قبل ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہوانے والے افراد کے مقابلے میں پانچ فی صد زیادہ تعداد ہے۔  امریکہ میں تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار افراد اب تک کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

آسٹریلیا کی دوسری گنجان آباد ریاست وکٹوریہ میں کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ریاست وکٹوریا میں 484 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ریاست وکٹوریہ میں گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ 428 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے تاہم اب یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔  حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں میں وکٹوریہ میں کورونا کے شکار دو مریض بھی دم توڑ گئے ہیں۔  ریاست وکٹوریہ کی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھر سے نکلنے کی صورت میں ماسک ضرور پہنیں۔