چین نے چینگڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دے دیا
- جمعہ 24 / جولائی / 2020
- 6090
چین نے امریکہ کو مغربی شہر چینگڈو میں اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ چین کا یہ اقدام منگل کو ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ تین روز کے اندر بند کرنے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔
چین کی وزارتِ خارجہ نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے غیر منصفانہ اقدام کے خلاف چین نے جائز اور ضروری قدم اٹھایا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔
امریکہ اور چین کے درمیان تجارت، کورونا وائرس، جاسوسی کے الزامات، ہانگ کانگ میں نئے سیکیورٹی قانون کے نفاذ اور چین کے ایغور مسلمانوں کے حقوق کے معاملے پر تناؤ ہے۔ چین کی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان موجودہ تعلقات کی صورتِ حال وہ نہیں جس کی چین خواہش رکھتا ہے اور اس تمام تر صورتِ حال کا ذمہ دار امریکہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ پر ایک مرتبہ پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے 'غلط فیصلوں' پر نظر ثانی کرے اور دوطرفہ بات چیت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔ یاد رہے بیجنگ میں سفارت خانے کے علاوہ پانچ مختلف شہروں میں امریکی قونصل خانے ہیں جن میں شنگھائی، شنیانگ، ووہان، چونگزو اور چینگڈو شامل ہیں۔ امریکہ کا چین کے غیر مختار علاقے ہانگ کانگ میں بھی ایک قونصل خانہ ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے منگل کو ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ چین کے ایجنٹس ٹیکساس میں میڈیکل اور دیگر ریسرچ چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چین کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو امریکہ کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی تردید کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا پل اب ٹوٹ چکا ہے۔ امریکہ کو قونصل خانہ بند کرنے کا جواب دیا جائے گا۔