دنیا میں ایک ہی دن میں کورونا کے ریکارڈ دو لاکھ 84 ہزار کیس
- ہفتہ 25 / جولائی / 2020
- 3950
عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں جمعے کو کورونا وبا کے ریکارڈ دو لاکھ 84 ہزار 196 کیس رپورٹ ہوئے۔ ادارے کے مطابق یہ تعداد 18 جولائی کو رپورٹ ہونے والے دو لاکھ 59 ہزار 848 کیسز سے بھی زیادہ ہے۔
تعداد کے لحاظ سے جمعے کو امریکہ میں لگ بھگ مزید 70 ہزار کیس رپورٹ ہوئے جب کہ وائرس سے مسلسل چوتھے روز ایک ہزار کے لگ بھگ ہلاکتیں ہوئیں۔ دوسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں جمعے کو 67 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے بھارت میں مزید 49 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 13 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا سے مزید 24 اموات ہوئی ہیں جب کہ 1487 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں دو لاکھ 36 ہزار سے زائد مریض صحت یاب، فعال مریض 35 ہزار کے لگ بھگ رہ گئے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 48 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔ بھارت میں مجموعی کیس 13 لاکھ سے بڑھ گئے ہیں۔ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 70 ہزار سے زائد کیسسامنے آئے اور ایک روز میں وائرس سے مزید ایک ہزار ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
چین میں کورونا کے مزید 34 کیس رپورٹ ہوئے۔ چین نے پاکستان کو کورونا ویکسین ٹرائل میں تعاون کی پیش کش بھی کی ہے۔ دنیا بھر میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ لاکھ چالیس ہزار ہوگئی ہے۔
اس دوران پاکستان کے علاقے چترال سے تعلق رکھنے والے 103 سالہ بزرگ کورونا وائرس کو شکست دے کر وائرس سے صحت یاب ہونے والے معمر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ 'رائٹرز' کے مطابق چترال کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 103 سالہ عزیز عبدالعلیم میں رواں ماہ کے آغاز میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی لیکن اُنہیں گزشتہ ہفتے صحت یاب ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔