راولپنڈی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک کردیے گئے
- اتوار 26 / جولائی / 2020
- 5230
راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کی حدود میں واقع گاؤں میں مخالف گروپ کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ کے درمیان پیش آیا۔ تنازع کی وجہ چند روز قبل میال گاؤں میں رب نواز گروپ سے تعلق رکھنے والی خاتون کا قتل اور دونوں گروپوں کے مابین زمین کے معاملے پر دیرینہ دشمنی ہے۔ فائرنگ کا واقعہ چند دن قبل ہونے والی قتل کی واردات کا بدلہ لینے پر پیش آیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ رب نواز گروپ کے ملزمان نے ایک گھر پر دھاوا بولا اور فائرنگ کردی جس سے متعدد بچوں سمیت 9 افراد کو قتل کردیا گیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا گولیاں لگنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے ایلیٹ کمانڈوز کو موقع پر روانہ کیا اور سینیئر افسران کے ہمراہ خود بھی موقع پر پہنچے۔ علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں دیرینہ دشمنی اور خاندانی تنازعات کے باعث قتل کے واقعات آئے روز پیش آتے ہیں۔ تاہم ایسے واقعات کے بعد اکثر ملزمان روپوش ہوجاتے ہیں اور پولیس کی جانب سے ملزمان کو سزا دلوانا مشکل ہوتا ہے۔