پاکستان میں کرونا سے متاثرہ 87 فی صد مریض صحت یاب، 29ہزار زیرِ علاج
- اتوار 26 / جولائی / 2020
- 4830
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال خاصی بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں اب تک اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد میں سے 87 فیصد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں کووِڈ 19 سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار ہے۔ 5 ہزار 840 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 37 ہزار 434 صحتیاب ہوگئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اموات کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔ وبا سے متاثرہ دو فی صد افراد کی موت ہوئی ہے۔ 18 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 73ہزار ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 1226 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وائرس سے متاثرہ 87 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جن کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار ہے۔ 11 فی صد افراد زیرِ علاج ہیں۔ پاکستان کے علاقے چترال سے تعلق رکھنے والے 103 سالہ بزرگ کورونا وائرس کو شکست دے کر وائرس سے صحت یاب ہونے والے معمر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں وائرس سے مزید 35 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 5822 ہو گئی ہے۔
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 68 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 41 لاکھ ہو گئی ہے۔ امریکہ میں وائرس سے ایک لاکھ 46 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ کے بعد سب سے زیادہ اموات برازیل میں ہوئی ہیں۔ وہاں مرنے والوں کی تعداد 86ہزار ہو چکی ہے۔
پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 210 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 91901 ہو گئی ہے۔ پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے مزید تین افراد کی موت ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 2116 ہو گئی ہے۔ صوبے بھر میں اب تک 692613 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
فرانس میں لاک ڈاؤن ہٹائے جانے کے دو ماہ بعد کورونا وائرس کے کیسز میں ایک پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس اضافے کو روکنے کے لیے شعبہ طب کے حکام نے بلا معاوضہ اور بغیر کسی طبی نسخے کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے سے متعلق منصوبے میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے احکامات کے مطابق پی سی آر نسل سوئب ٹیسٹس جن سے کورونا وائرس کی تشخیص ہوتی ہے، بلا معاوضہ ہوں گے جب کہ ٹیسٹ کے لیے طبی عملے کو کہیں بھی طلب کیا جاسکے گا۔
فرانس کے وزیر صحت اولیویر ویرن نے اتوار کو ایک مقامی روزنامے کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ کورونا وائرس میں اضافے کو ہرگز وبا کی دوسری لہر قرار نہیں دیں گے لیکن یہ واضح ہے کہ حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔
مئی میں دو ماہ سے جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے اب تک ملک بھرمیں یومیہ ایک ہزار نئے کیسز کا اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جس کے بعد ایک مرتبہ پھر سخت احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔