پنجاب میں عیدالاضحیٰ تک کاروبار بند رہیں گے، اسلام آباد کے تفریحی مقامات بند

  • سوموار 27 / جولائی / 2020
  • 6170

پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے باعث عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر کے تمام کاروباری مراکز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کاروباری مراکز پیر اور منگل کی درمیانی شب سے پانچ اگست تک بند رہیں گے۔

کاروباری مراکز بند کرنے کا فیصلہ صوبائی وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرِ صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ فیصلے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز، گروسری اسٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے ہوں گے۔

اجلاس کے دوران راجہ بشارت نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا جب کہ عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی کے اجتماعات کے لیے بننے والے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز(ایس او پیز) پر عمل کریں اور احتیاط کے ساتھ عید منائیں۔  پشاور میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں واضح کمی نظر آرہی ہے اور اموات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ جو محنت کی گئی اس کا نتیجہ نظر آرہا ہے لیکن وبا ابھی تک پورے پاکستان میں موجود ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ قربانی سنت ہے اور ہر صاحبِ حیثیت شخص چاہتا ہے کہ وہ قربانی کرے، یہ ہم سب کا حق ہے اور فرض بھی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ دین نے ہمیں سبق دیا ہے کہ خود کی اور دوسروں کی صحت، روزگار کا خیال رکھا جائے اور ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے دوسروں کو کوئی نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے بہت ضروری ہے کہ ہم سادگی کے ساتھ عید منائیں اور اس طرح قربانی کریں کہ وبا کے پھیلاؤ میں تیزی نہ آئے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں ماسک پہن کر جائیں اور فاصلہ رکھیں اسی طریقے سے کہیں خریداری کے لیے جائیں تو فاصلہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان ہدایات پر عمل کرلیا تو یہ مرحلہ بھی گزر جائے گا۔  وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ احتیاط کے ساتھ عید منائیں۔ اسد عمر نے نے کہا کہ کورونا وائرس ختم نہیں ہوا ابھی احتیاط کی ضرورت ہے لہذا عوام اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرزپر عمل کریں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی کہا ہے کہ ہم نے جو بھی ایس او پیز بنائیں وہ عوام کی جانیں بچانے کے لیے ہیں۔ عیدالاضحیٰ قریب ہے اور میں چاہوں گا کہ عیدالاضحیٰ سادگی سے مناؤں اور اپنی کابینہ کے تمام ارکان کو بھی یہی ہدایت کی ہے۔  عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں اور عید سادگی سے منائیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ کھولنے سے متعلق دباؤ بڑھ رہا ہے لیکن مسائل صرف اسی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے نہیں ہیں بلکہ تعلیم کے شعبہ بھی مشکلات کا شکار ہے۔ ہم نے طریقے سے کام کرنا ہے اور جو بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کا مقصد قیمتی جانوں کو بچانا ہے۔