امریکہ کورونا وبا کے نئے دور میں داخل ہو گیا: مشیر وائٹ ہاؤس
- سوموار 03 / اگست / 2020
- 4680
وائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس سے متعلق مشیر ڈیبرا برکس نے تنبیہ کی ہے کہ امریکہ عالمی وبا کے 'نئے دور' میں داخل ہو گیا ہے۔ اب یہ وائرس دیہی علاقوں میں بھی پھیل سکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس غیر معمولی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ بھی خطرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کی صورتِ حال مارچ اور اپریل سے مختلف ہے۔
ڈیبرا برکس نے تلقین کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہنیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ خیال رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 46 لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 54 ہزار 834 ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹتا دکھائی دے رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے 553 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 14 ہزار کورونا ٹیسٹس کیے گئے ہیں۔ پنجاب کی صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں نافذ اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کر دیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ اموات چھ لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد برازیل کا دوسرے اور بھارت کا تیسرے نمبر پر ہیں۔