امیتابھ بچن کورونا سے صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوگئے

  • سوموار 03 / اگست / 2020
  • 4410

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن 3 ہفتے تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد اب صحت یاب ہوکر گھر منتقل ہوگئے ہیں۔

ان کے بیٹے ابھیشیک بچن نے ایک ٹوئٹ  اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ نانا وتی سپر اسپیشلٹی ہسپتال میں زیرعلاج ابھیشیک بچن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ان کے والد کا ٹیسٹ منفی آگیا اور اب وہ گھر میں آرام کریں گے۔

امیتابھ بچن نے بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ میرا کووڈ  ٹیسٹ منفی آیا اور مجھے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد میں گھر میں قرنطینہ میں آگیا ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ خدا کے کرم، ماں بابوجی کی برکتوں، دوستوں، مداحوں، قریبی لوگوں اور عزیزوں کی دعاؤں اور ناناوتی ہسپتال میں نرسنگ اور بہترین دیکھ بھال نے میرے لیے یہ ممکن بنایا کہ میں یہ دن دیکھ سکوں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اسٹار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد 11 جولائی کو انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ابھیشیک بچن کی اہلیہ اور معروف بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی 8 سالہ بیٹی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ گزشتہ ہفتے ہی صحتیاب ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج ہوگئی تھیں۔

77 سالہ امیتابھ بچن نے گزشتہ 5 دہائیوں میں 200 سے زیادہ بھارتی فلموں میں کام کیا۔ وہ سابق سیاست دان اور ٹی وی ہوسٹ بھی ہیں اور ان کا پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی بہت مشہور ہوا ہے۔

بچنز کو اکثر بالی وڈ کی فرست فیملی کہا جاتا ہے۔ امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن بھی اداکارہ ہیں اور وہ ایک مرتبہ پارلیمنٹ کی رکن بھی رہی ہیں۔  گھر کے 4 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کے باوجود جیا بچن اس وبا سے محفوظ رہی تھیں۔